احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
بسم اﷲ الرحمن الرحیم! الحمد ﷲ ذی الجلال وولی النعمۃ والصلوٰۃ والسلام علیٰ خاتم الرسل ونبی الرحمۃ وعلیٰ اٰلہ وصحبہ دعاۃ الحق وہداۃ الامۃ۰ اما بعد! اہل علم کو معلوم ہے کہ مجلس مستشار العلماء پنجاب کا قیام نہایت اہم حالات کے تحت پیش آیا اور یہ بھی ظاہر ہے کہ مجلس کے شائع کردہ اغراض ومقاصد نہایت ہی مہتم باالشان اور وسیع وعالمگیر ہیں۔ مجلس اپنے فاضل کارکنوں کی ہمت اور خلوص سے روزانہ پیش قدمی میں مصروف ہے۔ چنانچہ مجلس کے عالیشان مقاصد میں سے دارالافتاء اور دار التدریس کا سلسلہ عرصہ سے کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ حال میں مجلس نے بڑے غور وخوض کے بعد ضروری سمجھا کہ توکلا علی اﷲ دار التبلیغ والمناظرہ کا افتتاح بھی عمل میں لایا جائے۔ چنانچہ اس کے مختلف شعبوں میں سے شعبہ ختم نبوت وابطال مرزائیت کو ضرورت وقت کے پیش نظر ترجیح دی گئی۔ فتنۂ قادیانیت کے متعدی جراثیم اور اس کے زہریلے اثرات سے اہل اسلام کے ایمان کو محفوظ ومصئون رکھنے کے لئے اس وقت تک علمائے کرام نے بہت کچھ مواد شائع کر کے امت مرحومہ کی پوری دستگیری کی ہے۔ ’’شکر اﷲ مساعیہم‘‘ لیکن اس سلسلہ میں بعض اہم اور اصولی مباحث ابھی تک پردۂ اخفا میں مستور تھے۔ خداتعالیٰ نے اس خدمت کی توفیق مجلس مستشار العلماء کے ناظم محترم مولانا محمد نور الحق العلوی الحنفی کو بخشی اور انہوں نے روزنامہ آزاد لاہور کے مدیران فاضل کی استدعا پر ایک معرکۃ الآراء فاضلانہ مضمون قلم بند کیا۔ جس کی ایک قسط روزنامہ مذکور کے نمبر اوّل میں شائع ہوچکی ہے۔ مضمون اپنی بے نظیر خوبیوں کے لحاظ سے نہایت مفید، دل چسپ اور کئی جدتوںکا حامل ہے۔ بنابریں مجلس مستشار العلماء نے مضمون کی عام اشاعت کو ضروری خیال کرتے ہوئے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ مولانا موصوف کا یہ مضمون ٹریکٹ کی صورت میں شائع کر کے مفت تقسیم کیا جائے۔ تاکہ طالبان حق معلوم کر سکیں کہ قادیانی نبوت اور اس کے شرائع واحکام کی کڑیاں کہاں کہاں جاکر ملتی ہیں۔ چنانچہ اسی فیصلہ کے تحت یہ ٹریکٹ ناظرین کی خدمت میں ہدیۃً پیش کیا جاتا ہے۔ ناظرین سے توقع ہے کہ وہ خود اس کو غور سے مطالعہ فرمائیںگے اور دوسرے احباب کو بھی اس کی تبلیغ کر کے ثواب دارین حاصل کریںگے۔ حضور خاتم النبیینﷺ نے فرمایا ہے۔ ’’بلّغوا عنّی ولو اٰیۃ‘‘