ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
عوام کے واسطے یہ صورتیں نکالیں ، اس کا یہ صلہ ملا ۔ معاشرت دین کا جزو ہے ( ملفوظ 129 ) فرمایا کہ لوگ اہل و عیال کے حقوق کی قطعا پرواہ نہیں کرتے ، حکومت کرنا جانتے ہیں ۔ یہ خیال نہیں کرتے کہ جن پر حکومت کرتے ہیں ان محکوموں کا بھی کوئی حق ہمارے ذمہ ہے یا نہیں ، معاشرت کو تو دین کی فہرست سے نکال کر ہی رکھا ہے ، اس باب میں بڑی کوتاہی ہو رہی ہے اور ان سب گڑبڑوں کا سبب دین سے غفلت ہے ۔ مجلس کا بعذر ملتوی فرمانا ( ملفوظ 130 ) فرمایا ارادہ تھا کہ سویرے کھانا کھاؤں اور تھوڑی دیر آ کر بیٹھوں مگر دیر ہو گئی ، کام بہت ہی ہے اس وجہ سے اس وقت بیٹھنا نہ ہو گا ، فرمایا کہ حضرت والا مکان پر تشریف لے گئے اور مجلس خاص بوقت صبح موقوف رہی ۔ 2 شوال المکرم 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم چہار شنبہ حضرت کی ایک عبارت کی روایت بالمعنی و بے معنی ( ملفوظ 131 ) قبل از نماز ظہر مصلے پر تشریف لے جاتے ہوئے فرمایا کہ آج ایک صاحب کا خط آیا ہے جس میں مجھ پر اعتراض کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ کلید مثنوی میں تم نے یہ فلاں بات اس طرح لکھ دی ہے ۔ میں مضمون خط کو دیکھ کر حیرت میں رہ ہی گیا کہ اللہ یہ تو میرے عقیدہ کے خلاف ہے میں ایسا مضمون کیسے لکھ سکتا ہوں ، پھر غضب یہ کہ پورا پتہ لکھا ہے کہ جلد فلاں مقام فلاں صفحہ فلاں پر یہ مضمون ہے ۔ میں نے کلید مثنوی دیکھی تب معلوم ہوا کہ حضرت نے اس میں تحریف کی ہے میری عبارت ہی نہیں ۔ میری عبارت سے جو خود سمجھے ہیں اس کو لکھا ہے کہ تو نے یہ لکھا ہے خواجہ صاحب نے عرض کیا کہ حضرت ممکن ہے کہ کاتب سے غلطی ہوئی ہو ، فرمایا کاتب سے اتنی بڑی غلطی نہیں ہو سکتی کہ صفحہ کا صفحہ بدل ڈالے یہ تو ان حضرت کی بدفہمی کا ثمرہ ہے میری عبارت اور مضمون سے جو مفہوم خود سمجھے اس کو میری طرف