ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
منسوب کر دیا کہ تم نے یہ لکھا ہے ۔ فرمایا کہ امانت دیانت لوگوں سے اٹھ ہی گئی ، خط کے جواب میں ان کی خبر لوں گا ۔ پھر سوال جو آگے کیا ہے وہ نہایت معقول مگر عبارت کے سمجھنے میں نامعقول رہے ۔ سوال سے معلوم ہوتا ہے کہ اہل علم ہیں خواجہ صاحب نے دریافت کیا کہ کون صاحب ہیں ، فرمایا ایسے سینکڑوں ہیں میں کیا جانوں کون بلا ہیں ۔ فرمایا یہ چاہیے تھا کہ میری عبارت بجنسہ نقل کر کے یہ لکھتے کہ میں اس کا مفہوم یہ سمجھا ہوں کیا یہ صحیح ہے باقی میری عبارت کا وہ مفہوم ہی نہیں جو وہ سمجھے ، اب اس بد فہمی کا کیا علاج افسوس اہل علم سے بھی امانت ، دیانت اٹھ ہی گئی ۔ تماشا ہے عبارت اپنی لکھی ہوئی اور منسوب میری طرف میری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ میرے عقیدہ کے خلاف اور میں ایسی بات لکھوں ۔ میری عبارت ہی کو نہیں سمجھے میری عبارت کا مطلب ہی نہیں ایسے بد فہموں کا کیا کوئی علاج کر سکتا ہے ؟ یہ فرما کہ نماز ظہر پڑھانے کے لیے مصلے پر تشریف لے گئے ۔ بعد نماز ظہر فرمایا کہ جواب نرم لکھوں گا ، شرارت نہیں کی بلکہ سمجھے نہیں ، بیچارے معذور ہیں ، کم فہمی کا کیا علاج ہے ، شکایت صرف یہ ہے کہ سمجھ سے کام نہیں لیا ۔ خواجہ صاحب نے عرض کیا کہ کیا ایسی غلطی بھی ہو سکتی ہے کہ اتنا تغیر تبدل کر دیا ؟ فرمایا کہ فہم کی غلطی ایسی ہی ہوتی ہے ۔ میں جواب لکھ کر ابھی مضمون سناتا ہوں ، آپ مجھ کو یہ بھی لکھتے ہیں کہ جواب مشرح اور مفصل دیجئے ، مغلق اور اجمالی نہ ہو ۔ فرمایا آج کل اگر ہر نقل پر اعتماد کرے اچھی خاصی گمراہی پھیل جائے ، اس شخص نے تو بالکل تحریف ہی کر دی ، پھر جواب تحریر فرمایا کہ میں نے ان کو ابھی دوسری دفعہ سوال کرنے کا محتاج ہی رکھا ہے ۔ اس کے بعد حضرت والا نے کلید مثنوی لے کر اس مقام کو پڑھ کر سنایا کہ یہ ہے وہ مضمون جس پر ان کو شبہ ہوا اور وہ سمجھے نہیں حلانکہ بالکل بے غبار ہے میری عبارت کو روایت بالمعنی بنا کر اس پر شبہ کیا ہے ۔ خواجہ صاحب نے عرض کیا کہ نقل بالمعنی کر دی ، فرمایا بے معنی کر دی ، ہاں بالمعنی کہنا اس معنی کو صحیح ہے کہ معنی کو بل میں کر دیا ۔ اس لطیفہ میں بالمعنی کی رسم خط سے قطع نظر کر کے تلفظ کا اعتبار کیا کہ بالمعنی کے اول لفظ بل بولا جاتا ہے اور بے معنی کر دی میں تو کہا کرتا ہوں کہ اگر کسی کو لکھنا آئے اور سمجھ نہ ہو یہ بھی خدا کا قہر ہے نہ معلوم کیا لکھ رہا ہے کسی کو جیسے ان بزرگ نے میرے مضمون کا ناس کر دیا