ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
سے خرچ کی جائے اور سب لوگ دیا کریں تو غریب مسلمانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ عشر اور خراج کے مصرف میں فرق ( ملفوظ 309 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ خراج کا روپیہ رفاہ عام میں صرف ہو سکتا ہے مگر عشر کا یہ مصرف نہیں وہ زکوۃ کے مصرف میں صرف ہو سکتا ہے ۔ دوسروں کی رعایت اسلام کا اولین سبق ہے ( ملفوظ 310 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ دوسری قوموں کا جہاں تک صدیوں کے بعد ذہن پہنچ رہا ہے وہ اسلام کا بلکل اول سبق ہے ۔ چنانچہ حقوق کے متعلق ایک بزرگ کی حکایت ہے کہ ان کے ساتھ ایک شخص سفر میں چلے ، آپس میں یہ طے ہوا کہ ایک امیر ہو ایک مومور ۔ اس شخص کو یہ خیال ہوا کہ میں بزرگ صاحب کے سامنے کیسے امیر بن سکتا ہوں ، لہذا عرض کیا کہ آپ ہی امیر ہیں ، بزرگ نے قبول فرما لیا ، ایک مقام پر پہنچ کر خیمہ گاڑنے کی ضرورت ہوئی ۔ بزرگ صاحب نے اپنے ہاتھ سے خیمہ لگانا شروع کیا ۔ یہ شخص بولا کہ حضرت میں اس کام کو انجام دوں گا ، فرمایا کہ جو میں حکم دوں اس کا اتباع کرو اس لیے کہ میں امیر ہوں لہذا میں حکم کرتا ہوں کہ تم ہاتھ مت لگاؤ ، میں خود خیمہ نصب کروں گا ۔ اب تو یہ شخص بہت پچھتایا کہ بڑی غلطی ہوئی ، میں ہی امیر ہو جاتا تا کہ ان بزرگ صاحب کی خدمت کرنا تو نصیب ہوتی ۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم سفر میں تھے صحابہ ساتھ تھے ، کھانا پکانے کا انتظام کیا گیا ، سب کام صحابہ نے آپس میں تقسیم کر لیے ، یہ کسی کو یاد نہ رہا کہ لکڑیاں بھی جنگل سے آئیں گی ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم جنگل میں تشریف لے گئے اور گٹھ لکڑیوں کا لے کر تشریف لائے ، تب صحابہ کو معلوم ہوا کہ یہ کام کسی کو یاد نہ رہا تو یہ رعایت اسلام کا اول سبق ہے جس پر آج دوسری قومیں نازاں ہیں ۔ تحریکات میں مدنی بنو یا مکی رہو ( ملفوظ 311 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ تحریکات حاضرہ میں بڑا ہی ہڑبونگ لوگوں نے مچایا ، باوجود اس کے کہ باب فتن حدیث شریف میں موجود ہے اور تمام احکام بالتصریح مذکور ہیں اور دونوں نمونے حضور پر گزرے ہیں پھر زیادہ کلام کی گنجائش کہاں ہے بس یہ دیکھنا کافی ہو کہ اگر