ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
یہاں تک احتیاط کی ہے کہ اگر انتظار کے بعد کوئی چیز آئے اس سے بھی انکار کر دیا ہے کہ خلاف سنت ہے محبت تو یہ ہے کہ انتظار کی بھی تکلیف نہ دے اس لیے کہ اگر انتظار ہو گا تو تکلیف ضرور ہو گی یہ ہیں بعض آداب ہدیہ کے جس کی کوئی دینے والا رعایت نہیں کرتا مگر ان کا بھی قصور نہیں آج کل رسمی مشائخ نے اسی قسم کے ڈھونگ بنا رکھے ہیں اور بتا بھی رکھے ہیں جس سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر نہ دیا ناراض ہوں گے کہ اب کہ مرتبہ اس نے کچھ نہیں دیا بڑا نا معقول ہے ۔ ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس انتظار میں بھی تفصیل ہے اگر انتظار ایسا ہے کہ اگر چیز نہ ملی کلفت ہوئی شکایت ہوئی ۔ یہ انتظار تو اشراف ہے اور اس حالت میں لینا خلاف سنت ہے اور اگر تکلیف نہ ہو تو محض خیال اور احتمال ہے اور وسوسہ کا درجہ ہے ایسے وقت میں لے لینا جائز ہے یہ اشراف نہیں ہے ۔ اپنے مشائخ کی طرف کھینچنا بے غیرتی ہے ( ملفوظ 305 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لوگوں کو اپنے اپنے مشائخ کی طرف کھینچ تان کر لانے میں اور ترغیب دینے میں اگر دوسرے بزرگوں کی تنقیص کی جائے تو یہ گناہ ہے ورنہ گناہ نہیں گو بے غیرتی ہے ۔ دین و دنیا کی عزت اتباع سنت میں ہے ( ملفوظ 306 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ مسلمانوں کے لیے دین و دنیا دونوں کی عزت جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے اتباع ہی میں ہے باقی اس کے علاوہ سب اسباب ذلت کے ہیں ۔ دین و دنیا کی رونق غرباء سے ہے ( ملفوظ 307 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ دین کی بھی رونق اور دنیا کی بھی رونق غرباء ہی سے ہے ۔ امراء تو ہمیشہ بے رونقی کے سبب بنے ہیں ۔ زکوۃ کی برکات ( ملفوظ 308 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ زکوۃ ہی ایک ایسی چیز ہے کہ اگر انتظام