ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
مگر اس نیت سے اشارہ سے اس کو بلایا اس کی لڑکی سے نکاح جائز ہے یا نہیں ؟ میں نے ابھی جواب مسئلہ کا نہیں دیا بے باکی بڑھتی ہے بلکہ یہ پوچھا کہ کسی اور عورت سے تو ایسا کرنے کا ارادہ نہیں ، خوب پریشان کر کے جواب دیا جائے گا ، اسی سلسلہ میں حکیمانہ جواب کی تائید میں فرمایا کہ حضرت شاہ عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس ایک شخص دوسرے کو پکڑ کر لایا کہ اس نے انگریز کا جھوٹا کھا لیا ہے آپ نے اس سے دریافت فرمایا کہ ایسا کیوں کیا ؟ اس شخص نے عرض کیا کہ حضرت غلطی ہوئی ، اب ایسا نہ ہو گا ، فرمایا اچھا بھائی پھر آنا بہت نازک مسئلہ ہے ، چھوٹی موٹی کتابوں میں بھی نہ ملے گا ۔ کتابوں میں دیکھ کر بتلاؤں گا غرض خوب پریشان کر کے بتلایا یہ سب حکیمانہ تدابیر ہیں ۔ ذکر و شغل اور حقہ پینے کی ضرورت ( ملفوظ 338 ) فرمایا کہ ایک خط آیا ہے لکھا ہے کہ ذکر و شغل جب سے شروع کیا ہے حقہ پینا چھوڑ دیا تھا اب پھر پینے کی ضرورت محسوس ہوئی اس لیے کہ پیٹ میں درد اور نفخ رہتا ہے اب اس کا پینا میرے لیے مضر تو نہ ہو گا ، جواب یہ دیا گیا کہ ضرورت کی وجہ سے کوئی حرج نہیں مگر پی کر فورا منہ صاف کر لیا جائے مسواک کر لی جائے ۔ بیعت کی حقیقت کیا ہے ؟ ( ملفوظ 339 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اصل میں بیعت کی حقیقت یہ ہے کہ جانبین کی طرف سے خاص خاص التزام ہوتا ہے ۔ شیخ تعلیم کا وعدہ کرتا ہے اور مرید اس تعلیم کی اتباع کا بس یہی بیعت ہے ۔ شوہر کی اجازت کے بغیر عورت کو مرید نہ کرنا ( ملفوظ 340 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ بغیر شوہر کی اجازت کے عورت کو مرید نہیں کرتا اس لیے کہ بہت ممکن ہے کہ مرد غیر معتقد ہو اور عورت معتقد ہو اور مرد اس پیر کی نسبت کچھ کہنے لگے تو عورت کو ناگوار ہو اس لیے یہ مرد کو کوئی جواب دے پھر گھر میں فساد ہو اس لیے مرید کرنا مناسب نہیں میرے یہاں ہر بات الحمد للہ اصول کے ماتحت ہوتی ہے ۔