ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
کرا کر بھیج دیا کہ ان کا بلانا اصول کے خلاف ہے محتاج کو محتاج الیہ کے پاس جانا چاہیے ، بدنام کرنے والے ان امور کو نہیں دیکھتے کہ میں اصول صحیح کو اپنے اوپر بھی جاری کرتا ہوں اور جن چیزوں میں بدنام کرتے ہیں ان کی حقیقت یہ ہے کہ آنے والے خود مجھے چھیڑتے ہیں پھر میں ان کے چھیڑنے کے حقوق ادا کرتا ہوں ۔ انہماک فی الدنیا کا علاج ( ملفوظ 136 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ انہماک فی الدنیا نہایت ہی مبغوض چیز ہے حق تعالی فرماتے ہیں : یایھا الذین امنوا لا تلھکم اموالکم ولا اولادکم عن ذکر اللہ ترجمہ یہ ہے کہ اے مسلمانو ! تم کو تمہارا مال اور تمہاری اولاد خدا کر ذکر سے غافل نہ کر دے اور بعض بزرگوں نے یہاں تک بیان کیا ہے کہ نفرت عن الدنیا کی غرض سے بھی کبھی اس کی طرف متوجہ نہیں ہونا چاہیے اس میں تو کدورات ہی کدورات ہیں اس کی طرف جس غرض سے بھی توجہ کی جائے ظلمات سے خالی نہیں ، بس سب میں بہتر نسخہ یہ ہے کہ انسان حق تعالی کی طرف متوجہ رہے کام میں لگا رہے انشاء اللہ تعالی ایک دن ایسا آئے گا کہ قلب سے یہ چیزیں خود بخود کافور ہو جائیں گی اور حق ہی حق جلوہ گر رہ جائے گا البتہ اگر کسی کی خصوصیت طبیعت کی وجہ سے شیخ قبائح کا مراقبہ تجویز کرے وہ ضرورت کا موقع اور اس کلیہ سے مستثنی ہے ۔ فراغت کا انتظار شیطان کا دھوکہ ہے ( ملفوظ 137 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لوگوں کی بھی عجیب حالت ہے چاہتے یہ ہیں کہ کرنا تو کچھ پڑے نہیں اور کام سب ہو جائیں اور بعض شب و روز اس انتظار میں رہتے ہیں کہ فلاں کام سے فراغت ہو جائے ، فلاں مقدمے سے نمٹ لیں ، فلاں کی شادی سے فارغ ہو جائیں ، تب خدا کی یاد لگیں چونکہ ایسی فراغت میسر نہیں ہوتی اس لیے ایسا شخص کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا ، محروم ہی رہتا ہے اور ایک دن موت آ کر کام تمام کر دیتی ہے ، یاس اور حسرت کی حالت میں خسران کی گٹھڑی سر پر رکھے ہوئے اس عالم سے رخصت ہو جاتا ہے ،