ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
قیمت آٹھ آنہ ہے لکھا ہے کہ ویسے ہی نذر کرتا ہوں ایک ہفتہ کے استعمال کے بعد نفع ظاہر ہو گا جو نفع ہو اس کو تحریر فرما دیں میں اس کو شائع کروں گا ۔ میں نے سرمہ واپس کر دیا اور لکھ دیا ہے کہ میں کوئی چیز بدون اپنے معالج کے مشورہ کے استعمال نہیں کیا کرتا لہذا آپ کا سرمہ واپس ہے ۔ فرمایا ان کی وجہ سے میں اپنی آنکھوں کو تختہ مشق بناؤں ، موافق آئے نہ آئے اگر کوئی مضرت پہنچ گئی تو ان کا کیا بگڑ جائے گا ، زحمت تو مجھ کو اٹھانا پڑے گی ، میں ہمیشہ اس احتیاط رکھتا ہوں ۔ ایک چادر ہدیہ کا جواب ( ملفوظ 252 ) ایک صاحب نے حضرت والا کے لیے ایک چادر بطور ہدیہ بھیجی اس پر حضرت والا کا یہ جواب گیا ، السلام علیکم ! قبول کر کے عرض ہے کہ بدون مشورہ لیے ہوئے کوئی چیز بھیجنے کا نتیجہ اکثر یہ ہوتا ہے کہ وہ چیز حاجت سے زائد ہوتی ہے ۔ اب بجز فروخت کوئی سبیل نہیں اور قیمت نہ معلوم ہونے سے خسارہ کا احتمال ہوتا ہے ۔ مسماۃ کے حالات خود پوچھنا مناسب نہیں ( ملفوظ 253 ) کسی مسماۃ کے آنے کے متعلق ایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ کسی سے اس کے حالات خود پوچھ کر جرح و قدح کرنا اچھا نہیں معلوم ہوتا ، اگر وہ مسماۃ خود کچھ کہتیں اور یہاں پر آنے کی وجہ بیان کرتیں تو اس کا جواب بھی ہوتا اور جرح و قدح کا بھی حق ہوتا ، میں اس کی بھی رعایت رکھتا ہوں اس پر مجھ کو سخت مشہور کیا جاتا ہے ۔ دو ساتھیوں کے ساتھ یکساں برتاؤ ہونا چاہیے ( ملفوظ 254 ) فرمایا کہ جب دو ساتھی شخص مہمان آتے ہیں تو کھانے کے معاملہ میں ان کے ساتھ ایک سا برتاؤ کرتا ہوں مجھے یہ بھی نا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ایک کے ساتھ کچھ معاملہ کیا جائے اور دوسرے کے ساتھ کچھ دونوں کے ساتھ یکساں برتاؤ ہونا مناسب ہے ۔ مسلسل چالیس دن گوشت کھانا یا نہ کھانا برابر ہیں ( ملفوظ 255 ) ایک صاحب نے سوال کیا کہ کیا حدیث شریف میں یہ ہے کہ چالیس