ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
حضرت رائے پوری کا حلم ( ملفوظ 246 ) ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حضرت رائے پوری تو اس قدر حلیم اور کریم تھے کہ کسی شخص نے دوا دی ، لے لی ، کھا لی ۔ اب اس سے تکلیف ہو رہی ہے مگر جب وہ شخص پوچھتا ہے کہ حضرت کیا اثر ہوا ، فرماتے ہیں بڑا نفع ہوا ۔ یہ تو ان کی شان تھی اور ایک میں ہوں کہ لوگ مجھ کو محبت کی وجہ سے نسخہ بتلاتے ہیں حتی کہ طبیب تک آتے ہیں وہ تجویز کرتے ہیں مگر میں صاف کہتا ہوں کہ میرے معالج فلاں حکیم صاحب ہیں ان کو مشورہ دو ، وہ مجھ سے کہہ دیں میں براہ راست کسی کی بتلائی کوئی دوا استعمال نہ کروں گا ۔ فناء تجویزات اور ترک تعلقات ( ملفوظ 247 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میرا مسلک تو فناء تجویزات اور ترک تعلقات ہے مگر یہاں پر تعلقات سے مراد غیر ضروری تعلقات ہیں بدون اس فناء کے زندگی راحت کی میسر نہیں ہو سکتی 10 ذیقعدہ 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم شنبہ نصرۃ النساء مردوں کے ظلم اور تعدی کی بناء پر حضرت والا نے عورتوں کے حقوق اور ان کے ساتھ ذندگی کے دستور العمل کے متعلق احکام شریعت کے ماتحت حسب ذیل تقریر فرمائی ۔ مرد کی زیادتیوں کا ذکر ( ملفوظ 248 ) فرمایا کہ آج ایک بی بی کا خط آیا ہے ، عرصہ تقریبا چالیس برس کا ہوا ، یہ مجھ سے بیعت ہوئی تھیں ۔ یہ بی بی نہایت دیندار ہیں ، خاوند کے ستانے اور بے مروتی اور بے وفائی کی شکایتیں لکھی ہیں جس کو پڑھ کر بے حد دل کو قلق اور صدمہ ہوا ۔ فرمایا کہ ان عورتوں کے بارے میں عدم ادائے حقوق کے متعلق لوگوں نے بے حد ظلم پر کمر باندھ رکھی ہے ۔ اس غریب نے یہاں تک لکھا ہے کہ روتے روتے میری بینائی کمزور ہو گئی ہے ، کبھی