ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
ایمان کیلئے کلمہ کا تلفظ ضروری نہیں ( ملفوظ 40 ) ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت بغیر کلمہ پڑھے ہی نماز فرض ہو جائے گی ، فرمایا کہ کلمہ پڑھے یا نہ پڑھے جب عزم کر لیا اور اطلاع کر دی کہ مسلمان ہے نماز فرض ہو گئی ہے ، عرض کیا کہ عزم کر لینے سے مسلمان ہو جاتا ہے ، فرمایا جی ہاں عزم کر لینے سے مسلمان ہو جاتا ہے ۔ عین نماز کے وقت تعویذ مانگنا ( ملفوظ 41 ) عصر کی اذان ہو چکی تھی نماز کا وقت قریب تھا ، ایک خاص تعلق والے صاحب نے عرض کیا کہ حضرت فلاں چیز کے لیے تعویذ کی ضرورت ہے ۔ فرمایا آپ جیسے سمجھدار سے ایسی غلطی ہو قابل افسوس ہے ۔ یہ کوئی وقت ہے تعویذ کا آپ تو ظہر کے وقت سے یہاں پر موجود ہیں ایسی خصوصیت کے لوگ اور سمجھدار ایسی ایسی غلطیاں کریں حد ہو گئی پھر دوسروں ہی کی کیا شکایت ہے ۔ عرض کیا کہ واقعی سخت حماقت ہوئی معافی چاہتا ہوں ۔ فرمایا کہ حماقت اس کا سبب نہیں ہے بے فکری سبب ہے آئندہ احتیاط رکھی جائے ۔ 29 رمضان المبارک 1350 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم یک شنبہ مصلحت کی وجہ سے اپنے ہاتھ پر مسلمان نہ کرنا ۔ ( ملفوظ 42 ) آج پھر وہی صاحب اہل قصبہ میں سے جن کا قصہ قریب ہی مذکور ہوا حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ حضرت اس کو مسلمان کر لیا جائے ، فرمایا کہ اس میں شبہ کیا ہے ، عرض کیا کہ وہ یہاں پر آ کر مسلمان ہونا چاہتی ہے ، فرمایا کہ اس کے متعلق تو میں کل مصلحت بیان کر چکا ہوں کہ مشاہیر سے ایسے کام نہ لینے چاہیئں اس میں فتنے کا احتمال ہے ، دشمنی بڑھے گی ، سوئے ہوئے فتنہ کو جگانا ہے اور غیر مشاہیر میں فتنہ نہیں ، کسی کو التفات بھی نہیں ہوتا کہ کیا ہو رہا ہے ، لوگوں کو کام کرنے کا طریقہ بھی تو معلوم نہیں ۔ ایمانی اور بے ایمانی کا لطیفہ ( ملفوظ 43 ) ایک تار رنگون سے جوابی آیا اس کا پتہ حضرت والا نے ایک انگریزی