ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
زمینداری سے متعلق فقہی احکام جمع کرنے کا ارادہ ( ملفوظ 461 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ میں زمینداری اور دوسرے نئے معاملات کے متعلق احکام جمع کرنا چاہتا تھا اور اس کے لیے بہت لوگوں سے کہا کہ سوالات جمع کر کے دو تا کہ ان کے احکام معلوم کیے جائیں اس لیے کہ واقعات کو تو ہم جمع نہیں کر سکتے ، واقعات تو وہی جمع کر سکتا ہے کہ جس کو ان کی ضرورت پیش آتی رہتی ہو مگر کسی نے بھی مدد نہ کی نہ محکمے والوں نے نہ تجار نے نہ ملازموں نے زمینداروں نے پھر مزاحا فرمایا کہ پھر آسماں داروں ہی کو جمع کرنے کی کیا ضرورت تھی ، باقی اس وقت تو کچھ ہمت تھی اور اب تو اگر سوالات بھی مل جائیں تب بھی جوابات کی ہمت نہیں ۔ حیات المسلمین کے لکھنے میں پریشانی ( ملفوظ 462 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ حیات المسلمین میں جو دقت مجھ کو ہوئی وہ اس کے سہل بنانے کی وجہ سے ہوئی ، ساتھ ہی یہ بھی خیال تھا کہ کوئی ضروری بات رہ بھی نہ جائے ۔ پھر مضمون کی مقدار برابر رکھنے میں بھی کہ ہر مضمون دو دو ورق کا رہے دقت ہوئی فرمایا کہ میں نے یہ سوچا تھا کہ مدت دراز تک ضروری مضامین کے دو دو ورق مہینہ میں لکھ دیا کروں گا مگر اب جو دیکھتا ہوں تو تمام ضروری مضمون اس میں آ گئے ، سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت نہ ہوئی ، میں نے کہا اللہ کا شکر ہے کہ جلدی فراغت ہو گئی ۔ کثرت ازدواج کے اعتراض کا جواب ( ملفوظ 463 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ کثرت ازواج کے باب میں معترضین نالائقوں نے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کو اپنے اوپر قیاس کیا ہے اس لیے شہوت پرستی کا ناپاک اعتراض کیا ، حضور صلی اللہ علیہ و سلم میں جتنی قوت تھی اس پر نظر کر کے تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے نفس کے تقاضے کا پورا پورا مقابلہ فرمایا کیونکہ حدیث میں آیا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم میں تیس مردوں کی قوت تھی اور بعض محققین نے کہا ہے کہ مرد بھی کون سے جنت کے مرد اور جنت کے ہر مرد میں سو مردوں کی قوت ہو گی ۔ خیر اگر یہ بھی نہ سہی تو یہیں کے مرد سہی تب بھی