ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
|
کرنا چاہئے اگر ایسا کرے گا یہ مذموم ہو گا ۔ ایک کم سن بچہ کی صاف بات ( ملفوظ 575 ) ایک کم سن لڑکے نے آ کر کہا کہ بخار کا تعویذ دے دو فرمایا کہ بیٹھ جاؤ لکھتا ہوں یہ فرما کر فرمایا کہ دیکھئے فطری چیز یہ ہے کہ اپنی حاجت صاف کہہ دی مگر اب لوگ فطرت کے خلاف اس کی تعلیم دیتے ہیں کہ یہ نہ کہنا چاہئے یہ نہ کرنا چاہئے تکلف سکھلاتے ہیں اصل فطرت بچوں کی ہے کہ وہ آ کر کہہ دیتے کہ فلاں چیز کا تعویذ دے دو ۔ اسراف بخل سے زیادہ برا ہے ( ملفوظ 576 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ پیوند زدہ کرتہ یا پیوند زدہ پاجامہ پہننا ذلت نہیں ذلت یہ ہے کہ کسی کے سامنے اپنی احتیاج پیش کی جائے خصوص دنیا داروں کے سامنے کیمیا گر کو دیکھ لیجئے لنگوٹا بندھا ہوتا ہے مگر بڑے بڑے دنیا دار پیچھے پیچھے پھرتے ہیں تو وہ کس چیز کی قدر اور عزت ہے صرف کمال کی عزت ہے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس زمانہ میں بقدر ضرورت پیسہ پاس رکھنا چاہئے آج کل اس کی بڑی ضرورت ہے یہ زہد اور تقوی کے منافی نہیں حضور صلی اللہ علیہ و سلم سال بھر کا صرفہ اپنی بیویوں کو عطاء فرما دیتے تھے افلاس بری چیز ہے اس سے کفر تک نوبت پہنچ جاتی ہے اس لئے میں اسراف کو بخل سے زیادہ برا سمجھتا ہوں گو لوگ اس کو زیادہ برا سمجھتے ہیں مگر وہ خود تو خوش ہے کہ ہمارے پاس ہے اور ہم نے کسی بخیل کو مرتد ہوتے نہیں دیکھا اور اسراف کرنے والے ہزاروں مرتد ہو گئے ۔ مقتدا صرف مسلمانوں کے مقدس ہیں ( ملفوظ 577 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ مقتدا تو کسی مذہب کے بھی مقدس نہیں بجز مسلمانوں کے ۔ بدفہمی اور کم عقلی بری چیز ہے ( ملفوظ 578 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ بدفہمی اور کم عقلی بھی کم بخت بری ہی چیزیں ہیں ۔