گلدستہ سنت جلد نمبر 1 |
|
زیتون اور اسکا تیل : اسی طرح زیتون کے تیل کے بارے میں حدیث میں آتا ہے کہ زیتون کا تیل کھاؤ بھی اور لگاؤ بھی۔ اور اللہ ربّ العزّت نے زیتون کی قسم کھائی ہے: ﴿وَالتِّیْنِ وَالزَّیْتُوْنِ﴾ (سورۃ التین:1) تو کچھ تو اس کے اندر حکمتیں ہوں گی۔ تو زیتون کا بتایا کہ کھاؤ بھی اور لگاؤ بھی۔ اب کچھ لوگوں کو ہائی کولیسٹرول کاپرابلم ہوتا ہے تو ڈاکٹرز ان کو کہتے ہیں کہ آپ پراٹھا نہ کھائیں، انڈا نہ کھائیں۔ لاہور میں حضرت کے ایک خلیفہ ہیں ڈاکٹر شاہد اویس صاحب جنہوں نے آس اکیڈمی بنائی۔ وہ پیتھالوجسٹ ہیں۔ انہوں نے حضرت جی کو بتایا کہ حضرت! میں نے سو لوگوں کو جو کولیسٹرول کے مریض تھے، کہا کہ تم ساری دوائیاں چھوڑ دو جو کولیسٹرول کے لیے دوائی لیتے ہو سب چھوڑ دو اور چالیس دن تک اپنا سارا کھانا پینا زیتون کے آئل میں کرو (Olive Oil) میں کرو ۔ فرماتے ہیں کہ حضرت! ان لوگوں نے میری بات کو مانا عمل کیا، میرا تجربہ یہ ہے کہ چالیس دنوں کے بعد جب وہ دوبارہ ٹیسٹ کروانے میرے پاس آئے تو ان سب کا کولیسٹرول لیول 200سے کم تھا۔ ان پر پابندی یہ لگائی تھی کہ کولیسٹرول کی دوائی کوئی نہ کھاؤ، تم سلاد کھاؤ تو اس میں زیتون ڈالو، کھانا کھاؤ تو اس میں زیتون ڈالو اور زیتون کا استعمال کثرت سے چالیس دن تک کر لو۔ فرماتے ہیں کہ میں نے سو لوگوں پر تجربہ کیا اور سو کےسو میں(100 Percent) مجھے رزلٹ ملا کہ انکا 200سے نیچے کولیسٹرول ہوگیا۔ حضرت جی فرماتے ہیں کہ مجھے جب حضرت ڈاکٹر صاحب نے یہ بات بتائی تو میں حیران ہوا کہ زیتون کے تیل میں ایسی خاص بات کیا تھی کہ جو اللہ تعالیٰ نے قسم اٹھائی ہے تو یقیناً اس میں کوئی راز ہو گا۔