گلدستہ سنت جلد نمبر 1 |
|
جس نے مجھ سے محبت کی وہ میرے ساتھ جنت میں ہو گا۔ نبی ﷺ کی محبت کا کیسے پتا چلے گا؟ صرف اور صرف اتباع ِسنت کے ذریعے ہی پتا چل سکتا ہے۔ لوگ پوچھتے ہیں پتا نہیں اللہ ہم سے راضی ہیںکہ نہیں؟یہ جانچنا بہت آسان ہے۔ ہم یہ دیکھیں کہ ہماری زندگی سنت کے مطابق ہے یا سنت کے مخالف، اگر سنت کے مطابق ہے، تو یہ دلیل ہے اس بات کی کہ اللہ راضی ہیں اور اگر ہماری زندگی سنت کے خلاف ہے تو یہ دلیل ہے اس بات کی کہ اللہ تعالی ہم سے ناراض ہیں۔ توبہ کر کے، اتباع سنت پر دوبارہ واپس آکے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی ضرورت ہے۔ پھر نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ دیکھو! تمھارے اندر میں دو چیزوں کو چھوڑ کر جا رہا ہوں جس کی وجہ سے تم میرے بعد گمراہ نہیں ہو گے۔ ایک فرمایاکہ اللہ کی کتاب یعنی قرآن مجید اور دوسرا فرمایا میری سنت۔ سنت کے بغیر انسان کامیاب ہو ہی نہیں سکتا۔موجودہ حالات اور راہِ سنت : اور آجکل جو حالات ہیں اس کے مطابق بھی نبی ﷺ نے بات فرما دی ۔ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ امّت میں اختلافات کے وقت میری سنتوں پر عمل کرنے والا ایسے ہو گا جیسا کہ کوئی ہاتھ میں چنگاری لینے والا ہو۔ یہ وہ حالات ہیں کہ لوگ دینی امور میں اختلاف پیدا کر رہے ہیں، اپنی اپنی خواہشات کے تابع ہیں۔ اور سنّت کو چھوڑ کر، دینی امور کو چھوڑ کر نفسانی خواہشات ، رواج اور رسموں کو پورا کر رہے ہیں، تو ایسے وقت میں سنتوں پر عمل کرنے میں مشکل تو ہوگی۔ بہرحال جس گھر میں آج پردے کا ماحول نہیں بے پردگی رائج ہے وہاں کسی بچی کا پردہ اختیار کرلینا ایساہی ہے جیسا ہاتھ میں انگارہ لے لینا، لیکن جو آج یہ محنت کرلے گا کل قیامت کے دن جہنم کی آگ کے انگاروں سے بچ جائے گا۔