ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
|
بس جی اب کوئی نہیں رہا ـ میں آپ کو متنبہ کرتا ہوں کہ یہی وہ مرض ہے کہ جس کی وجہ سے آپ علماء سے بے زار ہو گئے ہیں ـ افسوس آپ ڈاکٹروں سے بدگمان اور بیزار نہیں ہوتے حالانکہ اکثر نا کامی ہوتی ہے حتی کہ سول سرجن کے یہاں جا کر بھی بہت سے مریض ہلاک ہو جاتے ہیں ـ وجہ اس کی صرف یہی ہے کہ ان امراض کو مہلک سمجھا جاتا ہے اور امراض باطنی کو امراض ہی نہیں سمجھتے ـ پھر فرمائیے توجہ ہو تو کیونکر ہو میں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ آپ لوگوں کے شبہات کے جواب دینے کو تیار ہوں اور صورت بھی ایک آسان بتلائے دیتا ہوں ـ آپ لوگ کالج میں ایک رجسٹر بنا کر رکھ لیجئے اور جس شخص کو کوئی شبہ ہو اس رجسٹر میں لکھ دیا کرے چھ ماہ بعد وہ میرے پاس بھیج دیا کرو انشاء اللہ میں واقعی جو شبہات اور اعتراض ہوں گے ان کے جوابات لکھا کر آپ حضرات کے پاس بھیج دیا کروں گا ـ اس دستورالعمل کے بعد میں وعدہ کرتا ہوں کہ انشاء اللہ چند سال کے بعد شبہات کی جڑ کٹ جائیگی ـ مگر حضرت آج تک کسی سے بھی یہ نہیں ہو سکا اور وجہ اس کی یہی ہے کہ دین کو ضروری نہیں سمجھتے ـ غرض یہ ہے کہ لوگ علماء کی شکایت کرتے ہیں کہ یہ ہماری خبر نہیں لیتے سول سرجن کی کیوں نہیں شکایت کرتے کہ گھر گھر کیوں نہیں پھرتا وجہ یہ ہے کہ ان کی عظمت ہے علماء کی عظمت نہیں ـ ارضی بلائیں ملفوظ 118 ـ ایک مہمان رئیس کی طرف جو بعض شبہات کی تحقیق کر رہے تھے مخاطب ہو کر یہ بھی فرمایا کہ حضرت یہ بلائیں ارضی ہیں سماری نیہں ہیں یہ خود لوگوں نے اپنے ہاتھوں خریدی ہیں ـ سماوی بلاؤں کا رنگ ہی اور ہوتا ہے یہ وہ بلائیں ہیں جن کے واسطے حق تعالی فرماتے ہیں وما اصابکم من مصیبۃ فبما کسبت ایدیکم اور رہا یہ شبہ کہ اللہ میاں بھی کافروں کے مددگار ہیں جیسا کہ بعض گستاخوں نے جنگ طرابلس میں کہا تھا کہ اللہ تعالی بھی تثلیث کے طرف دار ہیں نعوذباللہ تو حضرت سنئے نافرمانی وہ چیز ہے کہ بھنگی سے شہزادے کے چابک لگوائے جاتے ہیں ـ تو کیا اس صورت میں بادشاہ بھنگی کا طرف دار ہے اور کیا اس سے یہ لازم آ گیا کہ بھنگی مقبول ہے بلکہ بات یوں ہے کہ شہزادہ اپنے مردود ہونے کی وجہ سے مغلوب ہے ـ ( چونکہ عصر کی جماعت کھڑی ہو گئی اس لئے ملفوظ بند ہو گیا )