ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
کھولوں گا جس کو جناب رسول اللہ صلی علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے باندھا ہے اور جو شخص زکوۃ و صلوۃ میں فرق کرے گا اس سے ضرور قتال کروں گا ـ اگرچہ ازواج کو بھیڑئیے گھسیٹ کر لے جائیں ـ طاعت کی برکت سے حق تعالی نے کفار کے دلوں میں وہ رعب ڈالا یہ سمجھے کہ ان کے پاس بہت سامان معلوم ہوتا ہے کہ جو اتنی فوج باہر روانہ فرما رہے ہیں ـ غرض یہ ہے کہ طاعت کے نور نے وہ نصرت فرمائی کہ سب پر غالب آ گئے ـ دیندار ہونا خوشی کی بات ہے ملفوظ 120 ـ فرمایا کہ میرے ایک عزیز نے ایک عجیب بات کہی تھی کہ مولوی ہونا کوئی خوشی کی بات نہیں ہے ـ دیندار ہونا خوشی کی بات ہے واقعی عجیب بات ہے ـ شیطان نے لوگوں کا راستہ مار رکھا ہے ملفوظ 121 ـ فرمایا ایک صاحب نے خط لکھا ہے کہ مجھے نماز پڑھنے کا بہت شوق ہے مگر دل نہیں لگتا ـ میں نے لکھ دیا ہے کہ اس میں حرج ہی کیا ہے ـ شیطان نے لوگوں کا راستہ مار رکھا ہے ـ ( جامع نے عرض کیا کہ حضرت دوا پینے میں کون سا دل لگتا ہے ہر شخص دوا کو بے دلی سے پیتا ہے اور اسی حالت میں ہم دیکھتے ہیں کہ مریضوں کو شفاء ہوتی ہے اسے کوئی نہیں کہتا کہ دوا پیتا ہوں اور دل نہیں چاہتا جانتے ہیں کہ دوا پینے میں کب دل لگا کرتا ہے اور یہ بھی جانتے ہیں کہ دل کے نہ لگنے سے دوا کا اثر تھوڑا ہی جاتا رہے گا ) فرمایا کہ بالکل سچ ہے ـ تربیت کا مفہوم ملفوظ 122 ـ ایک صاحب نے لکھا تھا کہ میری تربیت کر دیجئے میں نے ان سے دریافت کیا کہ تربیت سے آپ کی کیا مراد ہے ان صاحب نے جواب دیا کہ میں کچھ وظیفہ پڑھا کرتا ہوں اس کی اجازت فرما دیجئے ـ میں نے ان کو لکھا ہے کہ تربیت کے معنی اجازت دینا کس زبان میں ہے ـ اب لوگ مجھے وہمی کہتے ہیں ـ بتلائیے اس میں کون سے وہم کی بات ہے ـ طالبان جاہ کا حال ملفوظ 123 - فرمایا کہ طالبان جاہ کا کام بھی کرتے ہیں تو وہ بھی جاہ کے واسطے کرتے ہیں ـ