ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
ہیں (2) بزرگ ضعیف کو عجب پیدا ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ یہ مدح فعلی ہے جیسے مدح قولی ممنوع ہے ایسی ہی مدح فعلی بھی ممنوع ہے ـ (3) بعض نفیس طبائع کو مطلقا چھوٹے سے کراہت ہوتی ہے ـ پھر مجلس میں ان کو کہنا کہ تبرک لے لو اس میں ان تنگی واضح کرنا ہے ـ غلطی کا اقرار کرنا بڑا مجاہدہ ہے ملفوظ 71 ـ فرمایا یہ بہت بڑا مجاہدہ ہے کہ ایک بات غلط کہہ دے ـ پھر غلطی پر متنبہ ہو کر صاف اقرار کر لے میں نے غلط کہا تھا ـ صحیح یہ ہے ـ اصلاح تقدس پر موقوف ہے ملفوظ 72 ـ فرمایا عبیداللہ سندھیؒ صاحب بیان کرتے تھے کہ میں شبلی صاحب سے ملا تو انہوں نے کہا کہ اصلاح تقدس پر موقوف ہے اور ہم لوگوں میں تقدس نہیں ہے اس لئے اصلاح نہیں ہوئی ـ ھدی للمتقین کا مفہوم ملفوظ 73 ـ فرمایا مقام پر حافظ محمد احمد صاحب مرحوم سے نیچری لوگ سوال کر رہے تھے کہ ،، ھدللمتقین ،، کا کیا مطلب ہے ـ حافظ صاحب مرحوم جواب دیتے تھے ان کی سیری نہ ہوتی تھی ـ آخر میں نے کہا اس کی مثال ایسی ہے جیسے تم کہا کرتے ہو یہ کورس بی ، اے کا ہے ـ یعنی اس کے پڑھنے سے بی ، اے ہو جاتا ہے ـ ایسے ہی یہ کورس تقوی کا ہے یعنی اس کی ہدایت اختیار کرنے سے متقی بن جاتا ہے ـ مہین مولوی ملفوظ 74 ـ فرمایا ایک مرتبہ مکہ معظمہ میں اہل ---- نے میرے متعلق حاجی صاحب سے شکایت کی کہ وہ ---- کا مخالف ، جواب میں فرمایا " اس کی طبیعت میں خلاف کا مادہ ہی نہیں " اور حجاج واپس آ نے لگے تو مجھ کو ان الفاظ میں سلام کہلا کر بھیجا کہ ہمارے " مہین مولوی " سے بھی سلام کہہ دینا ـ حضرتؒ نے فرمایا کہ حاجی صاحبؒ نے کیسا جامع لفظ استعمال فرمایا کیونکہ مہین کے معنی ہیں عربی میں حقیر ، فارسی میں سراد ، اردو میں نازک ـ