ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
اس زمانہ کے مناسب میری تصانیف ہیں ملفوظ 85 ـ فرمایا اس زمانہ کے مناسب میری تصانیف ہیں اس زمانہ کی کتابیں اس وقت کیلئے تھیں ـ رسالہ خاتمہ بالخیر ملفوظ 86 ـ خاتمے کے تذکرہ کے سلسلے میں فرمایا کہ میرا رسالہ خاتمہ بالخیر دیکھو ـ اتباع شیخ کی اشد ضرورت ملفوظ 87 ـ فرمایا حضرت حاجی صاحب کے مرید عبدالرزاق نے حضرت کے کہنے کے خلاف مجاہدہ ، کم کھانا ، کم سونا وغیرہ شروع کر دیا ـ اختراق اور التہاب زیادہ ہو گیا ـ عربی کے صاف حروف نظر آ نے لگے آخر یہ ہوا کہ جنون ہو گیا ـ غیر مقلد سے عدم مناسبت ملفوظ 88 ـ فرمایا غیر مقلدوں سے دل نہیں ملتا ـ شیخ کی خلاف ورزی میں خرابی ملفوظ 89 ـ اس سلسلہ میں یہ بھی فرمایا کہ اصول صحیحہ کا اتباع کرو نیز اس ضمن میں فرمایا کہ اپنے شیخ کا خلاف عین خسران اور حرمان ہے ـ تین اشیاء کے ہدیہ کی واپسی میں عدم پسندیدگی ملفوظ 90 ـ فرمایا حدیث میں تین چیزوں کا ہدیہ واپس کرنے کو پسند نہیں فرمایا دودھ اور خوشبو اور بیٹھنے کیلئے گدا ( تکیہ ) اور وجہ مشترک سب کی یہ ہے کہ یہ ایسی چیزیں ہیں کہ اس سے نہ دینے والے پر کوئی مشقت ہے نہ لینے والے پر کوئی بار اور گرانی ـ اس لئے انہی چیزوں میں اگر اتنی مقدار کا ہدیہ ہو جس سے گرانی ہو تو واپس کرنے میں کوئی حرج نہیں ـ مثلا کوئی کسی کو ایک بوتل بھر کر عطر دینے لگے یا دس بیس سیر دودھ دینے لگے ـ