ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
|
جواب تو تھا مگر قابل جواب دینے کے نہیں سمجھا بس فرمایا ، اخرج منھا مذموما مخذولا ـ اس سے معلوم ہوا جو جھک جھک کرے اس کو نکال دینا چاہئے ـ معلم کا کام بتلانا ہے مناظرہ کرنا مصلحین کا کام نہیں ہے وہ مدرسین کا کام ہے ۔ صحبت کے منافع ملفوظ 42 ـ فرمایا صحبت کے منافع آداب صحبت پر موقوف ہے کیونکہ دارومدار منافع کا بشاشت قلب پر ہے اور جب انقباض ہو گا بالکل نفع نہ ہوگا اور یہ بے ادبی اور تکلیف وہی کچھ سوچ کی کمی سے اور کچھ فہم کی کمی سے ہوتی ہے اور کریں کیا ساری دنیا اس مرض میں مبتلا ہے ـ کسی کو اپنے قول و فعل سے اذیت نہ پہنچے ملفوظ 43 ـ فرمایا اس کا بہت اہتمام ہونا چاہئے کہ کسی کے قلب کو اپنے قول و فعل سے کسی قسم کی نگرانی اور اذیت نہ پہنچے ـ یہ آدھا سلوک ہے اس میں محض دنیوی منافع نہیں بلکہ برکات ہوتے ہیں خلق اللہ کو نفع پہنچانا بڑی نفع کی چیز ہے لیکن اگر نفع نہ پہنچ سکے تو کم از کم تکلیف تو نہ دے ـ مبتدی سالک کو تعلق مع الخلق سم قاتل ہے ملفوظ 44 ـ ارشاد فرمایا منتہی کیلئے نفع اچھی چیز ہے مگر مبتدی کیلئے سم قاتل ہے کیونکہ اس میں بھی تعلق مع الخلق ہے اور مبتدی کو بالکل تعلق نہ ہونا چاہئے نہ کسی کی بھلائی کا نہ برائی کا ـ ہندو سے بھی سلوک اچھا کرنا چاہئے ملفوظ 45 ـ فرمایا میں ہندو سے ذرا نرمی برتتا ہوں تاکہ وہ اسلام سے مانوس ہوں یہ نہ ہو تو کم از کم متوحش تو نہ ہو مسلمانوں کی معتصب نہ کہے ـ دشمن کو بھی تکلیف نہ پہنچانا چاہئے ملفوظ 46 ـ فرمایا منشی رفیق احمد سے قطع تعلق کرنے کے قبل سے مسودہ جات مجلس خیر میں خرید لئے تاکہ ان کا ضرر نہ ہو ـ میں تو کسی کو ضرر نہیں پہنچاتا ، حتی کہ دشمنوں کو بھی ایک منٹ کیلئے ضرر دہی پسند نہیں کرتا ـ