ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
آج کل کی بزرگی کی مثال ملفوظ 23 ـ فرمایا آج کل کی بزرگی مثل بی بی تمیزہ کے وضو کے ہے کہ کبھی ٹوٹتا ہی نہیں ـ اسی طرح آج کل کی بزرگی ہے کہ نہ دھوکے سے جاتی ہے نہ خلاف شرع ہونے سے ـ اشیاء کے اثر کا نتیجہ اس کی معرفت پر موقوف نہیں ملفوظ 24 ـ فرمایا حق تعالی نے ہر شے کے اندر ایک اثر رکھا ہے اور اس اثر کا نتیجہ اس سے اس کی معرفت پر موقوف نہیں ہے ـ مثلا اگر کوئی سنکھیا کھا لے تو اس کا اثر اس کی معرفت پر موقوف نہیں اسی طرح اگر کوئی پانی پی لے تو پیاس کا بجھنا معرفت پر موقوف نہیں ـ تصور اور تذکرہ سے نفع ہوتا ہے ملفوظ 25 ـ فرمایا جو چیزیں نافع ہیں جیسے ان کے استعمال سے نفع ہوتا ہے ایسے ہی تصور اور تذکرہ سے بھی نفع ہوتا ہے مگر بطریق اعتقاد ہو بطریق عناد نہ ہو اور ایسی جو چیزیں مضر اور مظلم ہوتی ہیں جیسے ان کے استعمال سے مضرت ہوتی ہے ـ ایسی ہی تصور اور ذکر سے بھی ہوتی ہے مگر بطریق اعتقاد ہو بطریق رد اور اعتراض نہ ہو جیسا کہ اچھے لوگوں صحبت اور تذکرہ سے اور تصور سے نفع ہوتا ہے ایسے ہی بروں سے نقصان ہوتا ہے ـ الٹی گنگا ملفوظ 26 ـ فرمایا افسوس جن چیزوں سے خدا کی محبت پیدا ہوتی ہے ان ہی چیزوں کے ہم دشمن ہو رہے ہیں خدا کی عبادت سے ہم بھاگتے ہیں زہد خشک میں نعمتوں سے ہم بھاگتے ہیں بس اسی میں بزرگی رہ گئی ہے اور جن چیزوں سے خدا سے بعد اور دوری ہوتی ہے ـ ان ہی چیزوں کو ہم نے اختیار کر رکھا ہے کیا ہوا چل رہی ہے ـ صحبت صالحین کی عجیب مثال ملفوظ 27 ـ فرمایا صحبت صالحین کی ایسی مثال ہے کہ جیسے ایک کھٹے آم کے درخت کا پودا لے کر کسی فجری درخت کے نیچے نصب کر دیا جائے اور اس فجری پر اس کی قلم چڑھا دی جائے تو ظاہر ہے کہ اس پر پھل فجری آئیں گے ـ