ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
|
29 اگست 1942ء ہر نماز کے بعد مسلمانوں کیلئے دعا ملفوظ 59 ـ ایک صاحب نے رخصت کے وقت حضرت والا کی خدمت اقدس میں دعا میں یاد رکھنے کی درخواست کی ـ اس پر فرمایا کہ نام لیکر دعا کرنے کا وعدہ نہیں کرتا ہوں ـ مجھ کو نام کیا یاد رہے ـ ہر نماز کے بعد تمام مسلمانوں کیلئے دعا کرتا ہوں تم بھی اس میں آ گئے ـ ایک غلط رسم ملفوظ 60 ـ فرمایا یہ بھی ایک رسم ہو گئی کہ دعا میں یاد رکھئے گا ـ بجائے اس کے کہ دوسرے کے اوپر یاد رکھنے کا بوجھ رکھا جائے جب جی چاہا کرے خود ہی دعا کیلئے کیوں نہ خط لکھ دیا کریں ـ درسیات پڑھنے اور پڑھانے کی حقیقت ملفوظ 61 ـ فرمایا درسیات کا پڑھنا جو ہے ، در حقیقت یہ مطالعہ ہے اور اس کے بعد پڑھانا یہ خود پڑھنا ہے ـ ایک انگریز کا شعر ملفوظ 62 ـ فرمایا پہلے بعض انگریز بھی فارسی اچھی جانتے تھے ـ ایک انگریز یارمل نامی کا شعر سنایا ؎ شکریں لعل تو کان نمک است گرچہ لشکرنہ مکان نمک است یکم ستمبر 1942ء راضی بہ راضا رہنے کی ضرورت ملفوظ 63 ـ فرمایا حق تعالی اپنے بندوں کے ساتھ جو کرتے ہیں اچھا کرتے ہیں اس کی حکمت پر اعتماد رکھئے ـ غلبہ حال معین مقصود نہیں ملفوظ 64 ـ فرمایا غلبہ حال معین مقصود ہے یعنی مقصود نہیں ہے ـ