ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
فتوحات اسلامیہ کی ایک حکایت ملفوظ 187 ـ فرمایا فتوحات اسلامیہ مؤلفہ احمد دھلان میں لکھا ہے کہ صحابی کسی عجمی شہزادی پر عاشق ہو گئے ـ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے عہد نامہ لکھوا لیا کہ جب ملک فتح ہو تو وہ جاریہ مجھ کو دی جائے ـ خلفاء کے عہد میں جب وہ ملک فتح ہوا اور افسر کو وہ عہد نامہ دکھلا کر وہ شہزادی صحابی نے لے لی ، کسی نے کہا : فروخت کرو گے ؟ فرمایا : ہاں اس نے کتنے کو ؟ کہا ایک ہزار روپیہ کو ـ جب مشتری نے ہزار روپیہ دیا تو دیکھ کر کہا : یہ تو تھوڑا ہے ہم نے بہت سمجھا تھا ہم نہیں دیتے ـ آخر افسر کے کہنے پر مجبورا دیدی ـ خلیفہ ہارون الرشید کے زمانے کا ایک بوڑھا ملفوط 188 ـ فرمایا خلیفہ ہارون الرشید نے کہا : جو ہم کو نکتہ سنائے اور ہم اس کو تصویب کر دیں اس کو ہزار روپیہ انعام دیا جائے گا ـ ایک بوڑھا ہشیار آیا کہا : سرکار ! مجھ کو درخت لگانا بہت اچھا آتا ہے ، فرمایا ٹھیک ! ایک ہزار روپیہ انعام دیا گیا ـ پھر اس نے کہا : حضور میں درخت لگاتا ہوں تو اسی وقت پھلدار ہو جاتا ہے ـ فرمایا : ایک ہزار روپیہ اور انعام دو پھر بوڑھے نے کہا : حضور اوروں کا باغ سال میں ایک دفعہ ثمر لاتا ہے اور میرا سال میں دو دفعہ تیسرا ہزار بھی انعام دے دو ـ حق شانہ کی شان کریم ملفوظ 189 ـ فرمایا : سیبویہ نحوی مذہب کا معتزلی تھا مگر حق تعالی کی نکتہ نوازی دیکھئے کہ بعد مرنے کے کسی نے خواب میں دیکھا تو معلوم ہوا کہ مغفور ہے ـ دریافت کرنے پر کہا کہ حق تعالی نے فرمایا کہ تو نے ،، اعرف المعارف ،، ہمارے اسم پاک اللہ کو کہا تھا اس لئے بخش دیا گیا ـ شریعت کے حکم کو خلاف مصلحت سمجھنے کا انجام ملفوظ ـ 190 ـ فرمایا شیخ وہاں نے بیان کیا کہ ایک بزرگ کو دفن کیا گیا کچھ عرصہ بعد دریا بردی شروع ہوئی ـ ورثاء نے ارادہ کیا ان کی لاش کو نکال کر دوسری جگہ لے جائیں چنانچہ اس بزرگ کی قبر کھودی گئی تو دیکھا کہ اس میں ان کی بجائے ایک خوبصورت لڑکی پڑی ہے ـ ایک شخص نے پہچانا کہ یہ لڑکی نصاری میں سے ہے خفیہ مسلمان ہو گئی تھی اور پھر فلاں جگہ مدفون ہوئی تھی وہاں پہنچے تو دیکھا کہ اس لڑکی کی قبر میں وہ بزرگ عیسائی گورستان میں پڑا ہے ـ ورثاء نے تحقیق کی تو حال معلوم ہوا کہ یہ غسل جنابت کے متعلق کہا کرتا تھا اچھا نہیں ۔