ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
رسول خان ملفوظ 145 ـ فرمایا کہ میں نے مولوی رسول خان صاحب ہزاروی سے کہا تھا کہ آپ اپنے نام میں اضافت ظاہر کیا کریں ـ یعنی رسول خان ، تاکہ ترکیب توصیفی کا شبہ نہ رہے ـ شیخ اکبر کا قول ملفوظ 146 ـ فرمایا کہ شیخ اکبر کا یہ قول کہ دین انبیاء کا سا ہو اس میں وجہ شبہ خلوص ہے کمال میں تشبیہ مقصود نہیں بلکہ وجہ تشبیہ اس دین میں دنیوی غرض نہ ملنا ہے ـ حضرت شیخ اکبر کا قول ملفوظ 147 ـ اس سلسلہ میں یہ بھی ارشاد فرمایا کہ حضرت شیخ اکبر نے یہاں تک فرمایا ہے اگر خانقاہ میں دو مریدوں کے درمیان تعلق ہو گیا ہو تو دونوں کو کان پکڑ کر نکال دو ـ وعظ روح الارواح میں رد بدعات ملفوظ 148 ـ فرمایا ایک کتاب کاشف الاسرار جو بدعات سے بھری ہوئی ہے ـ میری نظر سے گزری ـ اس کے مطالعہ کے بعد جمعہ آ گیا ـ میں نے لطیف طریقے پر اپنے بیان میں اس کا رد کر دیا ـ اور شوخی سے اول اس کا نام کاسف الاشرار رکھا تھا لیکن یہ خیال کر کے کہ صاحب کاشف الاسرار اس نام سے ناراض ہوں گے ـ میں نے اس کا نام روح الارواح تجویذ کر دیا ـ یہ اس کا رد وابطال ہے یعنی باطن باطل نہیں ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ظاہر شرع کے خلاف نہ ہو ـ 16 جنوری 1943ء ہم نے علماء کو دیکھا ہے ملفوظ 149 فرمایا ہم نے علم والے دیکھے ہیں اس لئے اپنے کو جاہل سمجھتے ہیں اس دوران کلام میں ـ حضرت مولانا انور شاہ صاحبؒ کی انصاف پسندی ملفوظ 150 ـ فرمایا کہ حضرت مولانا انور شاہ صاحب تحریکات خلافت کے موافق تھے ـ ایک صاحب نے ان کے سامنے میرے خلاف کہنا شروع کیا کہتے رہے ـ کہ مولانا انور شاہ صاحب اس پر سرخ ہو گئے اور کہا کہ جاہل جس کی عمر تقوی و طہارت میں گزری ہو اس پر اعتراض کس منہ سے کرتے ہو ـ (17جنوری کو حضرت والا بوجہ علالت خانقاہ میں تشریف نہ لا سکے )