ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
اس مضمون کی دعا کی ـ یااللہ مجھ کو آتا جاتا تو کچھ ہے نہیں ـ پھنس گیا ہوں ـ آپ میرا پردہ رکھیں اور اس مردہ کو بخش دیں ـ غالب نے اپنے رنگ میں بہت الحاح اور عجز سے بارگاہ ایزدی میں دعا کی ـ بعدہ حضرت شاہ عبدالقادر صاحبؒ نے اس مردہ کو خواب میں خوش و خرم دیکھا ـ حضرت شاہ صاحب نے اس کی وجہ اس سے معلوم کی ـ کہا کہ غالب کی دعا خدا نے قبول فرما لی ـ جس سے یہ راحت مجھ کو ملی ہے ـ حضرت شاہ ولایت صاحب تھانوی ملفوظ 10 ـ حضرت شاہ ولایت صاحب قدس سرہ تھانوی کے ذکر کے دوران ( جن کا مزار تھانہ بھون میں واقع ہے ) فرمایا کہ ان کے والد صاحب کا نام یوسف صاحب اور دادا کا نام اسمعیل صاحب ہے ـ تشویش سلوک میں نہایت مضر ہے ملفوظ 11 ـ حضرت مولانا گنگوہی قدس سرہ ذکر کے سلسلے میں فرمایا کہ حضرت مولانا گنگوہیؒ نے ایک بار فرمایا اگر حضرت حاجی صاحب اور حضرت جنید بغدادی دونوں ایک جگہ موجود ہوں تو میں حضرت حاجی صاحب کی موجودگی میں حضرت جنید کو دیکھوں گا بھی نہیں مراد یہ تھی کہ طالب کا کام یہ ہے کہ پوری طرح اپنے شیخ کی طرف متوجہ رہے ـ دوسری طرف توجہ کرنا اگرچہ وہ اپنے شیخ سے افضل ہی ہو اس کیلئے موجب تشویش ہے اور تشویش سلوک میں نہایت مضر ہے ـ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب نانوتویؒ صاحب جلال تھے ملفوظ 12 ـ فرمایا کہ حضرت مولانا یعقوب صاحبؒ بہت جو شیلے اور صاحب جلال تھے ـ مریدوں کو لٹھ سے پیٹا کرتے تھے ـ ان کے عصا کو لوگ مولا بخش اور جوتے کو روشن دماغ کہا کرتے تھے ـ ٹھنڈا پانی سے ہربن مو سے الحمدللہ نکلتا ہے ملفوظ 13 فرمایا کہ ایک ہمارے بزرگوں کے یہاں تقلیل طعام اور تقلیل منام نہیں ہے ـ تقلیل کلام اور تقلیل اختلاط ضرور ہے ـ اس ضمن میں فرمایا کہ حضرت حاجی صاحب کا بسترہ عمدہ اور نشت گاہ صاف سفید گھڑی بھی سامنے موجود ـ تمام ضروریات صفائی سے رکھتے تھے