ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
اللہ حافظ کی بجائے حفیظ اللہ نام تجویذ فرمانا ملفوظ 36 ـ فرمایا ایک شخص کا خط آیا لکھا ہے کہ میرا نام اللہ حافظ ہے یہ ٹھیک ہے یا نہیں ـ اگر یہ ٹھیک نہ ہو تو مہربانی فرما کر میرا نام بدل دیجئے حضر والا نے حفیظ اللہ تجویذ فرما دیا ـ ( بمعنے محفوظ ) ختم تراویح میں کباب کی تقسیم ملفوظ 37 ـ فرمایا ایک مرتبہ میں نے رمضان شریف میں مٹھائی کی جگہ کباب تقسیم کئے تھے ـ میں نے کہا بجائے حلوائیوں کے قصائیوں کو نفع ہو اس پر لوگوں میں بہت شوروغل ہوا ـ جامع کہتا ہے واقعی ایک صورت انتظام کی یہ بھی ہے کہ نوع بدل دی جائے اسی طرح حضرت والا عشق مجازی کو عشق حقیقی سے بدل دیتے ہیں مٹاتے نہیں ـ زوجین مساوات وعدل ملفوظ 38 ـ فرمایا کہ الحمداللہ میں اپنے دونوں گھروں میں بہت ہی احتیاط سے عدل کرتا ہوں ـ مگر ان کو پھر بھی شکایت ہی رہتی ہے اور ایک اورعجیب بات ہے کہ آپس میں ایک دوسرے کی دشمن نہیں اگر ایک کو تکلیف پہنچتی ہے تو دوسرے گھر کو بے حد رنج پہنچتا ہے اور ایک بات اس سے بھی زیادہ عجیب ہے کہ آپس میں دونوں کے اعزا بہت ہی محبت اور الفت سے رہتے ہیں اور آٌپس میں ایک دوسرے کو ہدیہ دیتے لیتے ہیں ـ اس کے بعد ایک شخص نے دریافت کیا کہ اگر دونوں بیبیاں اپنے باپ کے گھر کے حالات کے اعتبار سے مختلف ہوں تو کیا کرنا چاہئے ـ تو حضرت والا نے فرمایا کہ میں تو یہی عدل سمجھتا ہوں کہ دونوں کو برابر رکھا جائے ـ حق سبحانہ و تعالی کا ہر ایک سے جدا معاملہ ملفوظ 39 ـ فرمایا کہ حق تعالی شانہ کا ہر شخص کے ساتھ جدا معاملہ ہوتا ہے اور ہر ایک کی تربیت جدا طرح سے کرتے ہیں جس کی جیسی حالت ہوتی ہے اس کے ساتھ ویسا ہی معاملہ کرتے ہیں اور جو مشائخ اس کی رعایت نہیں کرتے ان کی نسبت ایک شعر فرمایا خستگاں را چوں طلب باشد و قوت نبود گر تو بیداد کنی شرط مروت نبود