ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
حضرت خواجہ اجمیریؒ کا ایک ملفوظ ملفوظ 203 ـ فرمایا کہ حضرت خواجہ صاحب اجمیریؒ کا ملفوظ ہے کہ تین چیزیں اختیار کر لو بس کافی ہیں ـ (1) خوف ـ (2) رجاء ـ ( 3) محبت ـ ازالہ شبہات کا طریق ملفوظ 204 ـ فرمایا کہ شبہات کا ازالہ محض قیل وقال سے نہیں ہوا کرتا ـ کام کرنے سے اکثر شبہات کا خود بخود سد باب ہو جاتا ہے پہلے کام میں کوشش کرو اور اصلاح کا ارادہ کرو جو عملی کام ہیں ـ ان پر اگر شبہ ہو وہ عمل کرنے سے زائل ہو سکتا ہے ـ نری عملی تحقیقات سے کام نہیں چل سکتا ـ نفس کا مکر خفی ملفوظ 205 ـ فرمایا نفس وہ چیز ہے کہ اس کا مکر خفی اہل نظر کو بھی بعض اوقات محسوس نہیں ہو سکتا ـ نفس کے کید نہایت ہی خفی ہیں اور پوشیدہ و ساوس اگر آئیں ، آنے دو ـ ان کی فکر ہی میں نہ پڑو ـ یہ بھی شیطان اور نفس کی شرارت ہے کہ اس میں مشغول کر کے اللہ کی مشغولی سے روکنا چاہتے ہیں بس کام میں لگے رہو ـ انشاء اللہ کشتی پار لگ جائے گی ـ احوال کے تغیر میں حکمتیں ملفوظ 206 ـ فرمایا حالات کے تغیر و تبدل میں حکمتیں ہوتی ہیں - نفس پر عدم اطمینان کی عجیب مثال ملفوظ ـ207 ـ فرمایا نفس پر کیا بھروسہ اور کیا اطمینان جیسے سانپ پر کیا اطمینان ـ قضا نمازوں کی ادائیگی میں جلدی کرے ملفوظ 208 ـ اگر کئی مہنے یا کئی برس کی نمازیں قضا ہوں تو ان کی قضا میں جہاں تک ہو سکے جلدی کرے ایک ایک وقت میں دو دو چار نمازیں پڑھ لیا کرے ـ فضاء پڑھنے کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے جس وقت فرصت ہو ، وضو کر کے پڑھ لے ـ البتہ مکروہ وقت نہ ہو ـ