ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
بیعت جلد نہ کرنے میں منافع ملفوظ 105 ـ فرمایا کہ میں نے تجربہ کیا ہے کہ بیعت کے اڑاوے میں کچھ کام کرنے لگتے ہیں اس لئے میں پہلے بیعت نہیں کرتا لکھ دیتا ہوں کہ اول کام شروع کرو اگر کچھ نفع ہوگا تو بیعت سے بھی انکا نہیں ـ پھر جب ان کو چسکا کام کا لگ جاتا ہے تو پھر نہیں چھوٹتا ـ اول روز سے کام میں لگا دینا ملفوظ 106 ـ فرمایا کہ جو شخص مجھ سے بیعت کی درخواست کرتا ہے اول تو میں اس کو کتابیں دیکھنے کو لکھ دیتا ہوں بالخصوص مواعظ کے مطالعہ کو تو میں اکثر لکھتا ہوں اور اس سے بہت نفع ہوتا ہے اور اگر کسی شخص نے یہ لکھا کہ ہم نے کتابیں دیکھی ہیں تو میں لکھتا ہوں کہ کتابیں دیکھ کر اپنی حالت میں کیا تغیر کیا اس سے وہ نفع ہوتا ہے جو کہ برسوں کے مجاہدہ میں بھی نہیں ہوتا میں تو اول روز ہی کام میں لگا دیتا ہوں مگر لوگ قدر نہیں کرتے ـ اصل چیز فکر ہے ـ جب فکر میں پڑتا ہے تو راستہ تلاش کرتا ہے ـ بس میں اول ہی گفتگو یا خط و کتابت میں طالب کے سر پر بوجھ رکھ دیتا ہوں بس اس کی وجہ سے اسے ایک فکر پیدا ہوتی ہے اس فکر کی وجہ سے راستہ خود بخود منکشف ہو نے لگتا ہے ـ لوگوں کی بلند دماغی ملفوظ 107 ـ فرمایا کہ لوگوں کے دماغ خراب ہو گئے ہیں ایک صاحب نے کچھ مسائل دریافت کئے ہیں لکھا ہے کہ ان کا جواب حدیث سے تحریر فرمایا جائے میں نے لکھ دیا ہے کہ فقہ میں تو اس کا جواب دیا ہے اور حدیث سے اس کا جواب یاد نہیں اس لئے جواب سے معذور ہوں ـ تاثیر وعظ حضرت مولانا شاہ اسماعیل شہیدؒ ـ ملفوظ 108 ـ فرمایا کہ لکھنو میں ایک مرتبہ مولانا اسماعیل شہیدؒ وعظ بیان فرما رہے تھے اور اہل تشیع کا بہت مجمع تھا اور مولانا ان کے مذہب کی تردید کر رہے تھے اس مجمع میں دو بھائی تھے ـ ایک بھائی نے دوسرے سے کہا کہ مجھے تو اپنے مذہب پر ایک شبہ ہو گیا ہے اور وہ اس لئے ہے کہ یہ تنہا شخص باہر کا رہنے والا ہمارے مجمع میں ہمارے شہر میں ہماری حکومت میں ہماری تردید کر رہا ہے اور ذرا بھی متاثر نہیں ہوتا ـ