ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
ممانعت پر محمول کرلیتے ہیں کہ دیکھو طاعت سے روکتے ہیں اول تو طاعت سے کوئی روکتا نہیں اور چھوٹی طاعت سے روک کر کسی بڑی طاعت کا حکم کر دیں تو اس کو کوئی دیکھتا نہیں اس لئے میں نے یہ لکھ دیا ہے کہ آپ کی اس سفر سے کیا غرض ہے اب وہ خود سمجھ کر لکھیں گے ـ ایک صاحب رائے مرید کا علاج ملفوظ 93 ـ فرمایا لوگوں میں سے جہل گیا نہیں ایک صاحب کا خط آیا ہے کہ آپ نے تین ہزار اسم ذات بتایا فقط اسم ذات سے کیا ہوتا ہے کچھ اور بھی بتا دیجئے ـ میں نے جواب لکھا ہے کہ آپ خود شیخ ہیں اس لئے میں نے بقیہ خط نہیں پڑھا ـ اپنا علاج خود کر لو اور یہ بھی فرمایا کہ میں نے یہ غصہ سے نہیں لکھا ہے بلکہ یہ ان کا علاج ہے دیکھتے ہی سیدھے ہو جائیں گے ـ ایک گستاخ کو تنبیہ ملفوظ 94 ـ فرمایا کہ اور لیجئے ایک خط اور بھی ایسا ہی آیا ہے کہ اگر آپ لوگوں کو ہدایت نہیں کریں گے تو وہ خراب ہو جائیں گے اور آپ کو بھی اس سے گناہ ہو گا ـ لہذا آپ کو چاہئے کہ ہمارے خبر لیتے رہیں ـ میں نے جواب لکھ دیا ہے کہ یہ بھی تو لکھنا چاہئے تھا کہ اگر تم کفر کرو گے تو ہمیشہ دوزخ میں رہو گے ـ یہ کیوں نہیں لکھا ـ کیونکہ یہ بھی جملہ شرطیہ ہے اور وہ بھی جملہ شرطیہ ہے اس میں کیا فرق ہے ـ حضرات انبیاء علیھم السلام کا اصل کام وعظ ہے ملفوظ 95 ـ ایک وعظ کے تذکرہ میں فرمایا کہ اصلی کام انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کا وعظ ہی ہے یہ پڑھنا پڑھانا تو اس کی مدد کے واسطے ہے ـ حکایت حضرت مولانا شاہ فضل الرحمن صاحب گنج مراد آباد ملفوظ 96 ـ فرمایا کہ میں نے سنا ہے کہ حضرت مولانا فضل الرحمن صاحبؒ قطب التکوین تھے اس لئے مولانا سے تکوینیات میں لوگوں کو زیادہ نفع ہوا ہے اسی قسم کے لوگ مولانا کے پاس زیادہ جایا کرتے تھے ـ واللہ اعلم ـ یہ بات کہاں تک صحیح ہے اور ہمارے حضرت حاجی صاحبؒ قطب الارشاد تھے اور یہ بھی فرمایا کہ میں نے بھی مولانا کی زیارت کی