ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
مہمانوں اور ملاقاتیوں سے مروت میں اپنا دینی ضرر نہ کیا جائے ملفوظ 221 ـ مہمانوں اور ملنے والوں کے پاس تھوڑی دیر بیٹھ کر اگر دیکھا جائے کہ اب غیر ضروری باتیں ہونے لگی ہیں ـ خواہ بدون حیلہ کے ، خواہ کسی حیلکہ سے اٹھ جانا چاہئے ـ پھر اگر وہ مقیم رہیں تو کسی دوسرے جلسہ میں ایسا ہی کرنا چاہئے ـ مروت میں اپنا دینی ضرر گوارا نہ کرنا چاہئے ـ بس شدہ شدہ اسی طرح عادت ہو جائے گی ـ آپ کے نفس کو بھی اور اضیاف کو بھی ـ جمعیت قلب کے اہتمام کی ضرورت ملفوظ 222 ـ حضرت حاجی صاحبؒ قدس سرہ کی زبان پر یہ لفظ بہت آیا کرتا تھا کہ جمعیت قلب کا اہتمام کرنا چاہئے حضرت کو ہر بات میں اس کا بہت اہتمام رہتا تھا کہ قلب کی جمعیت فوت نہ ہو ـ اسی لئے حضرت کو تعلقات سے بہت نفرت تھی اور صوفیہ کے اقوال و احوال میں بھی غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ تعلق مع اللہ پیدا ہونے کیلئے جمعیت قلب بہت ہی ضروری ہے ـ اب سمجھئے کہ جمعیت قلب جیسا کہ زیادہ کھانے سے فوت ہوتی ہے کم کھانے سے بھی فوت ہوتی ہے ـ زیادہ کھانے سے خطرات کا ہجوم ہوتا ہے کیونکہ معدہ کی تبخیر دماغ کو صعود کرتی ہے تو دماغ پریشان ہو جاتا ہے اور کم کھانے سے ہر وقت روٹیوں کی طرف دھیان لگا رہتا ہے تو اس کی عبادت بھی ناقص ہو گی ـ حضرت مولانا یعقوب صاحبؒ کی پیش گوئی ملفوظ 223 ـ فرمایا حضرت مولانا محمد یعقوب صاحبؒ نے اول ہی قادیانی کی براہین کتاب کو دیکھ کر فرمایا تھا کہ اس کی طرز سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت لوگوں کو گمراہ کرے گا ـ فساد حس ملفوظ 224 ـ جو شخص اپنی زبان کو روکتا ہے وہ اپنے دل سے بات کرتا ہے ذکر کو چھوڑ کر بیکار باتوں میں رہنا فساد حس ہے ـ کم گوئی سے علم باطن پیدا ہوتا ہے ـ حدیث لیقل احد کم خیرا اولیصمت ( تم میں سے کوئی نیکی کی بات کرے یا خاموش رہے )