ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
مبہم فیصلہ ملفوظ 157 ـ فرمایا ایک بار شیعہ سنی کے درمیان فضیلت صدیق و علی میں نزاع ہوا ، فریقین نے ابن جوزیؒ کو حکم تسلیم کیا ـ انہوں نے ایسا مبہم فیصلہ دیا کہ دونوں فریق حیران رہ گئے ـ فرمایا کہ : افضل صحابۃ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الذی بنتہ تحتہ ـ ( رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سب سے افضل وہ ہیں کہ آپ کی لڑکی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر تھی ـ اہل سنت والجماعت کے نزدیک حضرات انبیاء علیہ السلام کے بعد سب صحابہ میں سب سے بڑا مرتبہ ابو بکر صدیق کا ہے اور وہ صحابہ سے افضل ہیں ) ـ تکبر کا علاج ملفوظ 158 ـ فرمایا ایک بزرگ کے پاس ایک متکبر کوتوال شہر مرید ہونے کو آیا ـ آپ نے فرمایا کہ جیت کی شرط یہ ہے کہ تم پانچ روپیہ کی مٹھائی لاؤ ـ مگر وہ پانچ روپیہ کئی دکانوں سے گدا گری کر کے جمع کرو ـ اس نے مجبور ہو کر ایسا ہی کیا ، اس کے تکبر کا علاج ہو گیا ـ اسی کے موافق حضرت حکیم الامت تھانویؒ نے اپنا واقعہ بیان فرمایا کہ کاندھلہ میں ایک رئیس مرید ہونے کو آ ئے تھے ـ ایک طبق شرینی کا اپنے نوکر کے سر پر رکھ کر لائے ، میں نے کہا ہم فلاں محلہ میں جا رہے ہیں تم خود طبق شرینی سر پر رکھ کر ہمراہ چلو ، وہاں بیعت کریں گے ـ پھر وہاں سے دوسری اور تیسری جگہ لے گئے ـ الغرض کئی جگہ پھرانے سے جب اس کے کبر کا علاج ہو گیا تو مرید کر لیا ـ غیر اللہ پر نظر کرنا شرک ہے ملفوظ 159 ـ فرمایا حاجی صاحب کی خدمت میں ایک شخص نے عرض کی کہ حضرت میری بیوی فوت ہو گئی یا بیمار ہے ـ فرمایا خوش رہو ـ جیل خانہ سے چھوٹ رہی ہے تم بھی چھوٹو گے ـ پھر اس شخص نے کہا کہ حضرت جی ایک آدمی نے مدینہ طیبہ پہنچانے کا وعدہ کیا تھا پھر وعدہ پورا نہیں کیا ـ فرمایا شرک کی باتیں یہاں نہیں کیا کرتے ( کیونکہ اس نے غیراللہ پر نظر کی تھی ) دنیا کا فائدہ ملفوظ 160 ـ فرمایا ایک شخص نے حضرت حاجی صاحبؒ کے نام سے کہیں سے چندہ وصول