ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
شکایت حکایت سننے سے طریق احتراز ملفوظ 241 ـ کسی کی شکایت حکایت سننے سے احتراز اس طرح ہو کہ کسی بہانہ سے وہاں سے اٹھ جانا چاہئے اور قصدا فی الفور اور کوئی مباح تذکرہ شروع کیا جائے ـ تاکہ وہ قطع ہو جائے ـ غیر محرم کو دیکھنے میں فریب نفس ملفوظ 242 ـ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کسی غیر محرم کو دیکھنے کا زیادہ تقاضہ قلب میں ہو اس کو ہم ایک دفعہ پیٹ بھر کر دیکھ لیں تو تسکین ہو جائے گی یہ محض غلط ہے ـ وہ تسکین عارضی اس سے جوش کم نہیں ہوتا بلکہ قعر قلب میں جا کر زیادہ متمکن ہوتا ہے ـ اس لئے محسوس نہیں ہوتا اور تسکین کا شبہ پڑتا ہے ـ قصدا اس کا تصور کرنا اور اس سے متلذذ ہونا سم قاتل و رہزن دین ہے ـ حدیث میں ہے ـ النظر سھم من سھام ابلیس (بد نظری ابلیس کے تیروں میں سے ایک تیر ہے ) ( النور ماہ ذی الحجہ 1339ھ ) درستی اخلاق کی ضرورت ملفوظ 243 ـ یاد رکھو کہ بغیر اخلاق کے درست ہوئے عبادت اور وظیفہ کچھ کار آمد نہیں ـ حدیث میں ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ یارسول اللہ فلانی عورت عبادت کرتی ہے راتوں کو جاگتی ہے ـ لیکن ہمسایوں کو ستاتی ہے فرمایا ھی فی النار ـ اخلاق اگر خراب ہوئے تو اس کا ضرر دوسروں کو پہنچے گا یہ حق العبد ہے ـ ( اصلاح النساء ص 61) امراء سے مل کر ثابت قدم رہنا مجاہدہ ہے ملفوظ 244 ـ فرمایا امراء سے ملنا اور ثابت قدم رہنا بڑے قوی آدمی کا کام ہے ـ جو عالم حق گو ہو اور مغلوب نہ ہوتا ہو وہ اگر امراء کے یہاں جائے اور حق بات کہے وہ مجاہدہ ہے ـ ارشاد ماموں امداد علی صاحب مرحوم ملفوظ 245 ـ فرمایا میں نے اپنے ماموں امداد علی صاحب سے چلتے وقت عرض کیا تھا کہ مجھ کو یاد رکھئے سے تم کو فائدہ نہیں ـ تم خود بھی مجھ کو یاد رکھنا کہ یہ مفید ہو گا ـ