ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
اس طرح حضور والا کافی دیر تک رونق افروز رہے اور اس خادم کو ہر طرح سے شرف اعزاز عطا فرمایا - یہ لمحات برکات آیات میرے لئے سرمایہ حیات اور باعث حصول حسنات تھے - اس پر جس قدر فخر کیا جائے کم ہے یہاں بھی ملفوظات کا چشمہ جاری تھا مختلف انداز سے بارش نوازش ہو رہی تھی - ساقی تھا اور دور بادۃ عرفان رند تھے اور گردش میں ساغر پر ساغر اور تمام بزم محود بیخود تھی - ہر شخص پر وی کیف طاری تھا جو کبھی نہ دیکھنے نہ سننے میں آیا - یہ مبارک ساعتیں یہ بابرکت لمحے یہ پر کیف گھڑیاں پھر کہاں مل سکتی ہیں - جناب شفاء الملک صاحب کی دعوت اس کے دوسرے دن یعنی 20 ستمبر 1938 ء کو لکھنو سے روانگی کا دن تھا اور آج یعنی 19 سمبر 1938 ء کو جناب شفاء الملک حکیم عبد الحمید صاحب نے بعد مغرب حضرت والا کو اپنے یہاں مدعو کیا تھا اور اس خادم کے لئے بھی رقعہ بھیج کر حضرت اقدس سے اجازت حاصل کر لی تھی - چنانچہ مجسد خواص میں نماز مغرب سے فارغ ہونے کے بعد حضرت والا قیام گاہ پر تشریف لے گئے تاکہ تیار ہو کر جلد جھوائی ٹولہ روانہ ہوں - جناب شفاء الملک صاحب نے غایت محبت سے دو موٹر بھی بھیج دیئے تھے تاکہ سب لوگ بآرام پہنچ جائیں - حضرت والا کو کسی خاص وجہ سے اندر آنے میں دیر ہوگئی اور جب حضرت والا باہر تشریف لائے ہیں تو جناب مولوی عنایت اللہ صاحب اور جناب مولوی عبد القادر صاحب فرنگی محلی کو موٹر کے قریب موجود پایا - حضرت والا کو ان حضرات کے خلاف اوقات تشریف لانے سے بے حد استعجاب ہوا - اور فرمایا کہ آپ حضرات نے کیسے تکلیف فرمائی - میں یو نہی آپ حضرات کی محبت اور عنایت کا ممنون ہوں - آپ حضرات با بار مجھ پر عنایت کر کے محجوب فرماتے ہیں - ان دونوں حضرات نے فرمایا کہ ہم لوگوں کو ابھی معلوم ہوا کہ کل صبح جناب واپس تشریف لے جائیں گے ہم لوگوں کا ارادہ تھا کئی بار حاضر ہو کر کچھ استفادہ حاصل کریں - صرف جناب کی نا سازی مزاج اور تکلیف کے خیال سے نہ آسکے لیکن یہ علم نہیں تھا کہ اتنی جناب تشریف لے جائیں گے - حضرت والا نے فرمایا کہ مجھے بھی آپ حضرات سے بہت انس ہوگیا ہے - میرا خود قصد تھا کہ فرنگی محل آکر آپ حضرات سے ملوں مگر طبیعت کے اضمحلال نے آنے نہ دیا - جس کا مجھے افسوس ہے -