ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
سرخ ہے اور قوت جثہ اشارہ ہے قوت معنویہ کی طرف اور مرغ کی شکل دیکھنا اشارہ ہے اس کی پرواز بجانب ملاء اعلیٰ کی طرف نیز اپنی حقیقت میں یہ متاخر ہے روح سے لہذا روح بشکل انسان اور قلب بشکل طائر معلوم ہوا - مبارک ہو بشارت سے درستی روح و قلب کی طرف - ( 153 ) ( حال ) پھر ایک شب بوقت ذکر سامنے چشم راست میں ایک روشنی بہت شفاف مثل آفتاب نصف النہار طلوع ہوئی جس کے اثر سے آنکھیں ٹھنڈی ہوئیں اور قلب کو فرحت حاصل ہوئی - ( تحقیق ) یہ نور ذکر ہے یا نور روح کی زیادہ اسی شکل میں وہ نمودار ہوتا ہے - ( حال ) اور جناب یہاں خادم کا جی نہیں لگتا ہے بعضے وقت بہت دل گھبراتا ہے گوتن یہاں سے دل تھانہ بھون میں ہے - ( تحقیق ) یہ دلیل ہے محبت کی اور محبت ہادی طریق کی مفتاح مقصود ہے - مبارک ہو - ( مضمون ) دیگر گزارش یہ ہے کہ عرصہ دراز سے جی چاہ رہا ہے کہ کچھ اپنے گزشتہ واقعات اور جناب والا کے اوصاف وکمالات دیدہ شنیدہ کتاب کی صورت میں لکھ کر طبع کرادوں - ( جواب ) اگر مبالغہ نہ ہو اور روایت و نقل میں پوری احتیاط کی جاوے اور اس پر کوئی دینی نتیجہ بھی مرتب کر کے دکھلایا جاوے اور بعد لکھنے کے مجھ کو دکھلا بھی لی جاوے تو مضائقہ نہیں - اور اگر خالی مدح ہی مدح ہو فضول بلکہ عجب نہیں کہ مضر ہو - ( 154 ) - ( ایک ریاست کے ملازم کا خط ) مسائل دریافت طلب ( 1 ) یہاں سائر خرچ بعض دفاتر میں تو نقد مل جاتا ہے اہلکار حسب ضرورت اس میں سے سامان خرید کر لیتے ہیں اور اکثر دفاتر میں قلم پنسل کا غذ سیاہی وغیرہ کی تعداد مقررہ ہے خرچ کم ہو یا زیادہ اس میں کمی بیشی نہیں ہوتی تو اس میں سے اگرنج کے کام میں بھی صرف کرلیا جاوے یا اگر بچ جاوے اور کسی اپنے ملنے والے اہل ضرورت کو دے دیا جاوے تو جائز ہے یا نہیں - بعض بعض اہل کار جو سامان بچ جاتا ہے اس کو فروخت کر کے رقم خرچ کرلیتے ہیں - ( اتفسار ) اس کی تحقیق کرنا چاہئے اگر بچے ہوئے کے خرچ کر لینے کی اطلاع اہل اختیار کو ہوتو وہ گواراہ رکھیں یا نہیں -