ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
ٹیکا پور تشریف لے گئے - اور تھوڑی دیر ٹھہر کر واپس تشریف لے آئے اور اس طرح اپنے قدیم عقید تمندوں کو مشرف بزیارت فرمایا - یہاں بہت سے لوگ باہر بھی شرف زیارت حاصل کرنے کے لئے حاضر ہوگئے تھے - جناب مولوی محمد عیسی صاحب بی اے مجاز طریقت حضرت اقدس مدظلہم العالی مع اپنے صاحبزادے محمد لقمان سلمہ کے بھی آلہ آباد ے حاضر ہو کر فیوض و برکات سے مستفیض ہوتے رہے - مومن کانفرنس انہیں دنوں میں کانپور میں مومن کانفرنس ہو رہی تھی اور ان حضرات اور دوسرے مسلمانوں میں زیادہ کشیدگی پیدا ہوگئی تھی یہاں تک کہ مومن صاحبان میں سے ایک شخص مار بھی ڈلا گیا تھا - اس وقت کانپور کی فضا بالخصوص مسلمانوں کے درمیان بہت مکدر تھی - جناب حاجی دلدار خان صاحب کے خویش جناب ڈاکٹر عبدالصمد صاحب نے عرض کیا کہ اگر حضرت والا ایک ایسی تحریر عطا فرمادیں جس سے دونوں فریقوں میں مصالحت ہوجائے تو یہ مناقشہ دور ہوجائے اور دونوں فریق اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہوں - اصل مقصود تو ڈاکٹر صاحب کا بھی تھا لیکن ضمن تقریر سے یہ بھی متشرح ہوتا تھا کہ ان صاحبوں کو یہ بھی شکایت ہے کہ ہم کو بعض لوگ حقیر سمجھتے ہیں - حضرت والا نے فرمایا کہ اصل معاملہ کے متعلق تو میں نا واقف ہوں - مولوی عبد الحلیم صاحب مضمون لکھ لائیں اگر میں مناسب سمجھوں گا تو دستخط کردوں گا - ہاں تفاضل اقوام کے متعلق علمی تحقیق کے طور پر میں خود ایک مضمون لکھے دیتا ہوں جو مضمون آپ مناسب سمجھیں شائع فرمادیں - چنانچہ ایسا ہی کیا گیا - مولوی عبد الحلیم صاحب کے تحریر کردہ مضمون کو ملا حظہ فرما کر حضرت والا نے دستخط فرمادیئے اور جو خود مضمون تحریر فرمایا وہ جناب ڈاکٹر موصوف کے حوالہ کردیا گیا اول الذکر مضمون فورا چھواکر شائع کردیا گیا - دوسرا مضمون رسالہ الادب کا نپور میں شائع ہوچکا ہے چونکہ یہ مضمون ایک نہایت محققانہ ہے اس لئے میں چاہتا ہوں کہ یہاں اس کو درج کردوں تاکہ اس مضمون کے پڑھنے والے بھی اس سے فائدہ اٹھائیں - وہو ہذا -