ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
حضرت والا نے اس پر تحریر فرمایا : - جواب : - کیا اب تک معلوم نہیں کہ غیر اختیاری خیالات مضر نہیں - باقی دعا کرتا ہوں - مقصود حالات نہیں ( اس پر 24 ذی الحجہ 1356 ھ کو انہوں نے پھر عرض کیا : - حال : - حضرت والا کی عبارت ( کیا اب تک معلوم نہیں کہ غیر اختیاری خیالات مضر نہیں باقی دعا کرتا ہوں ) جو کہ عریضہ سابق میں تحریر فرمائی ہے اس کی برکت اور حضرت والا کی دعا کی برکت سے جو خیالات واہیہ ذکر میں اور غیر ذکر میں پریشان کرتے تھے سب رخصت ہوگئے وللہ الحمد - اس وقت حال یہ ہے کہ جس وقت نماز میں کھڑا ہوتا ہوں تو دل میں یہ خیال آتا ہے کہ ابھی آواز آنے کو ہے کہ حق تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اومردود اور نالائق تو میرے سامنے کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہے - دور ہوجا - اور جب سجدے میں سر رکھتا ہوں تو خیال ہوتا ہے کہ فرمان ہونے کو ہے تیرا سر اس قابل نہیں کہ میرے قدموں میں رکھا جائے اور کبھی خیال ہوتا ہے کہ آسمان سے کڑک بجلی کی مجھ پر گرنے کو ہے اس حالت میں دل چاہتا ہے کہ چیخ نکل جائے پھر فورا خیال کرتا ہوں کہ حضرت کے طفیل و برکت سے بچ جاوں - بس آنسو جاری ہوتے ہیں کبھی چیخ مارنے سے یہ خیال مانع ہوتا ہے کہ کہیں حضرت والا کو تکلیف نہ ہو ذکر کے وقت زمین یا پہاڑ وغیرہ جو چیز خیال میں آتی ہے ایک ریگ اور پانی سے معلوم ہوتی ہے واللہ اعلم بالصواب - حضرت اس ناکارہ کے لئے دعا فرمائیں - حضرت والا نے ارقام فرمایا : - جواب : - ایسے حالات و تغیرات سب اہل طریق کو پیش آتے ہیں - نہ مقصود ہیں نہ مضر کام کئے جاؤ دعا کرتا ہوں - ( 3 ) 4 محرم 1357 ) ھ کو ایک عریضے میں وہ اپنی حالت کا اس طرح اظہار کرتے ہیں : - حال : - احقر بفضل ایزد متعال و ببرکت دعائے حضرت والا اپنے معمولات بدستور اپنے اپنے وقت پر ادا کرتا ہے دل چاہتا ہے کہ معمولات میں بوقت شوق اضافہ کرلوں - جواب مبارک