ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
مضمون - سونے چاندی کی گھڑی اور زنجیر جائز نہے یا ناجائز - جواب نا جائز - مضمون - یہاں کار خانہ میں نماز صاحب لوگوں کی چوری سے ادا کرتے ہیں تو نماز ہو جاتی ہے یا نہیں - جواب - ہوجاتی ہے - نماز کا وقت شرعا اجارہ سے مستثنیٰ ہے مگر لمبے چوڑے وظیفے پڑھ کر کام میں حرج نہ کریں اور اگر تم کام ٹھیکہ پر کرتے ہوتو پھر کوئی شبہ ہی نہیں - ( 132 ) مضمون - ایک اہلکار نے دنیاوی نا کامیوں کی طول طویل فہرست لکھ کر درخواست کی کہ کل حال میں نے حضور سے عرض کردیا اب حضور مرض تشخیص فرما کر علاج تجویز فرمادیں اور دعا کریں کہ اللہ مجھ پر رحم وفضل کرے اور میرے قلب کو تسکین دے - جواب - امور اختیار یہ کی تشخیص و علاج دونوں ہوتے ہیں - اس خط میں زیادہ حصہ امور غیر اختیاریہ کا ہے جن کا علاج دعا ہے - سو دعا کرتا ہوں آپ بھی دعا کیجئے - ( 133 ) مضمون - اکثر دیکھا جاتا ہے کہ بعض اشخاص بعد نماز جاء نماز پر سر بجود ہوکر سجدہ میں دعا بہبودی دین و دنیا مانگتے ہیں اس میں کوئی حرج ہے یا نہیں - جواب - اس کی عادت کرنا بدعت ہے لیکن اگر گاہ گاہ ایسا ہوجاوے اور دوسرے دیکھنے والے بھی اس کو مقصود نہ سمجھنے لگیں تو جائز ہے - ( 134) جواب خط اول - محض سلسلہ میں داخل ہونے کے لئے سفر کی حاجت نہیں بلکہ خود داخل سلسلہ ہونے کی بھی ضرورت نہیں - اصل مقصود کام ہے - اگر کام کا شوق ہوتو ظاہر کیجئے میں تعلیم کروں مگر یہ خط بھی ہمراہ آوے - مضمون خط ثانی - انہیں صاحب کا دوسرا خط آیا - جس میں گھوڑے کے فرار ہو کر بہ برکت پڑھنے انا للہ وانا الیہ راجعون کے واپس آجانے کا واقعہ درج تھا اور ایک ندی میں معہ گھوڑے کے گر کر نجات ہوجانا مندرج تھا اور اخیر میں یہ تحریر تھا کہ آپ کی دعا و برکت سے رشوت بھی چھوٹ جاوے گی کیونکہ نفرت بہت آتی ہے جب سے شوق پیدا ہوا ہے خدا کے واسطے کوئی طریقہ بتلادیں اس پر عمل کیا کروں -