ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
ہوا دیکھا ہے کافی ہے - ( 179 ) مضمون - حاضر ہو کر بیعت ہونے کی استطاعت نہیں - اس لئے بذریعہ عریضہ بیعت ہونا چاہتا ہے - طریقہ چشتیہ بیعت فرمایا جاوے - جواب - بیعت میں جلدی مناسب نہیں کام شروع کیجئے - اس کے لئے قصد السبیل کافی ہے - طالب کو یہ منصب نہیں کہ وہ کسی خاص طریق میں بیعت ہونے درخواست کرے - ( 180 ) - ایک خط کا جواب - ذکر و شغل کی تو رمضان شریف میں تعلیم کرتا نہیں ہوں اگر اس کے ئے آنا مقصود ہے تو تکلف نہ کریں اور اگر یہ مقصود نہیں تو آنے کی اجازت ہے - ( 181 ) مضمون کئی برس ہوئے کہ ایک بزرگ نقشبندی سے مرید ہوا اور انہیں سے ملتا جلتا رہا عرصہ چار ماہ کا گزرا کہ ایک عورت سے آشنائی ہوگئی قریب تھا کہ گناہ کبیرہ میں گرفتار ہوں اللہ عزوجل نے مدد کیا اور اس فعل بد سے توبہ کر کے پیر صاحب کے پاس پناہ لیا اور جب سے انہی کے پاس رہتا ہوں - آٹھ دس روز ہوئے کہ ایک لڑکے سے پھر محبت ہو گئی - ہر دم دل یہی چاہتا ہے کہ اسے دیکھا کروں اور حالت ناگفتہ بہ ہے - موافق مرض کے علاج تحریر کیجئے گو آپ میرے پیر نہیں ہیں مگر آپ سے عقیدت بہت زیادہ ہے اور میں بہت ہی غریب ہوں ورنہ خدمت شریف میں ضرور حاضر ہوتا - اللہ دعا کیجئے کہ غیر خدا سے نفرت ہوجاوے اور استقامت نصیب ہو - اکثر طبیعت بہت گھبراتی ہے اور میں مجرد ہوں کوئی تعلق سوائے خدا کے نہیں ہے ( اخیر میں کچھ مسائل بھی اس خط میں درج تھے ) جواب - اول علاج اس مرض کا یہ ہے کہ محبوب سے ظاہری جدائی فورا اختیار کرلی جاوے تتمہ علاج اس اطلاع کے بعد لکھوں گا اور جواب مسائل کے لئے لفالفہ آنا چاہئے - ( 182 ) مضمون - میں ان پڑھ آدمی ہوں - حضور کا تہہ دل سے معتقد ہوں حتیٰ کہ موافق ارشاد انجناب کے تہجد کے بعد بارہ تسبیح اسم ذات کی اور قصد السبیل کا دستور العمل عرصہ سے برت رہا ہوں اور بہشتی زیور معہ گوہر کے ابتداء سے انتہا تک عور سے سن کر اس پر عمل کرنے کی کوشش بھی کیا کرتا ہوں اور تعلیم الدین بھی سن چکا ہوں جناب حکیم مصطفیٰ صاحب اور جناب مولانا مولوی عاشق الٰہی صاحب سے اکثر نیاز حاصل ہوا کرتی ہے - مدرسہ مظاہر العلوم کے جلسہ میں شرکت اکثر ہوتی ہے - اب گزارش ہے کہ نا چیز کو اپنے خدام کے زمرہ میں داخل ہونے شرف سے ممتاز فرمایا جاوے -