ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
عریضہ کی معذرت چاہی تھی جو بضرورت واقع ہوئی تحریر فرمایا - میں نے مفید دستور العمل لکھ دیا ہے - طول ضروری کا کیا مضائقہ اور یہ ضروری تھا بدوں اس کے حال نہ معلوم ہوتا (82 ) مضمون - نماز وظیفہ میں اس قدر فضول خیال آتے ہیں جس سے طبیعت بہت پریشان ہوتی ہے - جواب - کچھ حرج نہیں خود تو خیالات جمع کیجئے نہیں اور جو بلا قصد آویں ان کا ذرا بھی غم نہ کیجئے - جب ذکر کا غلبہ ہوگا ان شاء اللہ یہ سب مضمحل و مغلوب ہوجائیں گے - 25 جمادی الاول ھ یوم پنشنبہ ( 83 ) مضمون - پوڑیا کے رنگ ہوئے پکڑے سے نماز جائز ہے یا نہیں - جواب - پوڑیہ میں اسپرٹ کا احتمال ہے اور وہ روح ہے بعض شرابوں کی جو قواعد فقیہ سے مختلف فیہ ہے جو احتیاط کرسکے احتیاط کرے اور جو نہ کر سکے اس کو گنجائش ہے - ( 84 ) مضمون - ایک فریق نے مولوی صاحب کو شرکت سے خارج کردیا اور کہا کہ ہم لوگ نہ شریعت کے بموجب چل سکتے نہ تم کو شریک کرتے - بلکہ بعض الناس نے یہ بھی کہا کہ ہم شریعت محمدی کی متابعت نہیں کرسکتے پس یہ کہنا بحسب شرع شریف کیسا ہے - آیا موجب کفر ہے یا نہیں - جواب - نہ ہم لوگ شریعت کے بموجب چل سکتے ہیں اس کا کیا مطلب ہے - ان لوگوں سے پوچھنا چاہئے ہم شریعت محمدی کی متابعت نہیں کرسکتے اس کا بھی مطلب پوچھنا چائے پھر زبانی فرمایا کہ بنگال میں کافر بنانے کا بڑا شوق ہے - اگر ذرا کوئی بات ہوجاوے تویہ چاہتے ہیں کہ کافر بنائیں - ( 85 ) ایک صاحب نے بعض حضرات کی بابت استفسار حالات وخیریت کیا تحریری فرمایا کہ مجھ سے دین کی باتیں پوچھا کیجئے - خبریں نہ پوچھا کیجئے - ( 86 ) ایک خط کا جواب - کسی مسجد کو آباد کرنا جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے افضل ہے -