ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
اور سمجھ جایئے پھر بعد مشورہ زیادہ قیام کے لئے آنے کا مضائقہ نہیں - (43 ) محکمہ رجسٹری کی ملازمت کی بابت پیشتر ایک صاحب نے فتوے دریافت کیا تھا اس کی بابت دریافت فرمایا کہ اگر ناجائز ہوئی تو ترک کر کے کیا سبیل معاش اختیار کریں گے اس کے جواب میں ان صاحب نے لکھا کہ کوئی صورت معاش نہیں اس پر تحریر فرمایا کہ پھر مجبوری میں کیا ہوسکتا ہے اور نہ جواز کا فتویٰ دے سکتا ہوں جب تک نہ چھوڑ سکیں حرام سمجھیں اور دعا کرتے رہیں کہ اس سے بوجہ احسن نجات ہو پہلے خط میں جس کا خلاصہ نمبر 30 میں درج ہے محض مسئلہ پوچھنے کی غرض سے جو خط بھیجا جاوے اس میں خیریت بھی دریافت کرنے کو خلاف خلوص تحریر فرمایا تھا - دوسرے خط میں انہوں نے خیریت نہیں دریافت کی لیکن حضرت نے از خود تحریر فرمایا کہ میں خیریت سے ہوں انہیں صاحب نے اب کی مرتبہ مسئلہ کی بابت علیحدہ خط بھیجا اور اس غلطی کی معافی علیحدہ جوابی کارڈ میں مانگی کہ مسئلہ پوچھنے کے خط میں خیریت دریافت کی مجھے سخت غلطی ہوئی - ( 44 ) ایک صاحب کو تحریر فرمایا ایک بے تکلف عرض ہے - میرا دل خوش ہوتا اگر خود آپ کا لکھا ہوا خط آتا دوسروں کے ہاتھ کا لکھا ہوا آنا اچھا نہیں معلوم نہوا خصوص ایسے صاحب کے ہاتھ کا جن کے معاملات صاف نہیں - ضمیمہ وہ خط دوسرے ایسے شخص سے مرسل خط نے لکھوا کر بھیجا تھا جن کی بد معا ملگی سے ایک مسلمان کو رنج اور ضرر پہنچ چکا تھا - ( 45 ) ایک خط کا جواب مشورہ تو وہ شخص دے سکتا ہے جو تمام جزئیات سے اگاہ ہو اس لئے میں اس سے عذر کردیتا ہوں باقی مسائل کی تحقیق سو اگر سوال جداگانہ فرضی ناموں سے بھیج دیا جاوے اس کا جواب لکھ دوں گا - ضمیمہ اس خط میں واقعی نام مع شکایت نام لکھے تھے اس کو پسند نہیں کیا گیا - ( 46 ) جمادی الاول 34 ھ سوال ( 1 ) بعض لوگ اپنا کنگھا کسی دوسرے شخص کو بالوں میں نہیں پھیرنے دیتے اور یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ایسا کرنے سے باہم فریقین میں نزاع ہوجاتی ہے اور اپنے دعوے کے ساتھ شیخ عطار رحمہ الہ علیہ کا مقولہ نقل کرتے ہیں اس کے متعلق تحقیق مطلوب ہے - ( 2 ) ایک عورت نے تمام عمر رمضان کے روزے نہیں رکھے