ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
جواب - وہ کون سی قدرت ہے جو عدم قدرت کے حکم میں ہے - سوال ( 12 ) عرض ہے کہ یہاں پر جمعہ وعیدین کے خطبہ میں آلہ مکبر الصوت لگایا جاتا ہے ایسی حالت میں جامع مجسد اور عید گاہ میں نماز ادا کی جاوے یا کسی دوسری مسجد میں جس میں بغیر لاؤڈ سپیکر کے جمعہ و عیدن ہوتی ہیں اس میں ادا کیا جائے - جواب - جس میں فتنہ نہ ہو البتہ اگر تکبیرات صلوۃ کی تبلیغ بھی اسی کے ذریعہ سے ہوتی ہوتو ایسی تکبیر کا اتباع مفسد صلوۃ ہے - سوال ( 13 ) باوجود ان حالات کے ( جو اوپر کی عبارت میں مذکور ہیں ) گو عربی کا سبق اور تہجد میں اشغال واذکار ناغہ نہیں ہوتے مگر طبیعت پر کسی قدر بار محسوس ہوتا ہے - جواب - تو اور زیادہ اجر ملے گا کہ مجاہدہ ہے - بقیہ سوال ( 14 9 اور بجائے اس کے محض خوشنودی اللہ تعالیٰ کے لئے ہو زیادہ خیال اس کا ہوتا ہے کہ اگر تہجد ناغہ ہوگئی تو دن بھر مغموم رہوں گا پریشان ہوں گا - سکون نہیں رہے گا - جواب - لیکن وہ ناغہ کا غم اور پریشانی بھی اس لئے ہے کہ ایک عمل حق تعالیٰ کی خوشنودی کا فوت ہوگیا تو یہ عین خوشنودی ہی کی طلب ہے جو اس کے منافی نہیں - سوال ( 15 ) معمولات اشرفی میں جو ہے کہ بین الترویحات اذکار مسنونہ ادا فرماتے ہیں وہ کیا ہیں - جواب - اس کا یہ مطلب نہیں کہ خاص ترویحات میں جو اذکار مسنونہ وارد ہوئے ہیں بلکہ مراد یہ ہے کہ ترویحات میں کوئی خاص اذکار منقول نہیں اور جو مروج ہیں وہ سنت میں وارد نہیں اس لئے ان مروج اذکار کی پابندی نہیں کی جاتی بلکہ جن اذکار کی بلا تخصیص و تقیید سنت میں فضیلت وارد ہے ان کو ادا کیا جاتا ہے - سوال ( 16 ) حضرت والا ! احقر ایک امر یہ دریافت کرتا ہے کہ باہر پھرنے والی عورتوں سے پردہ دار عورتوں کو پردہ کرنے کا حکم ہے اس میں بڑی قباحت ہے خادمائیں جو ملتی ہیں وہ زیادتی سے باہر کی پھرنے والی عورتیں ملتی ہیں پردہ دار خادمائیں نہیں ملتیں ان سے کس طرح سے بچاؤ کیا جاوے -