ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
|
میری انہیں آنکھوں نے بہت کچھ دیکھا بڑی بڑی مقدس ہستیوں کی زیارت کی اور آج بھی نظریں ان با برکت مناظر اور ان با فیض ہستیوں کو ڈھونڈ رہی ہیں ویرانی بے اثرے اور آزادی دکھائی دیتی ہے دین سے بے پروائی کم تو جہی بلکہ بیزاری ہر طرف موجود ہے دلوں میں مذہب کی وہ عزت اور وہ وقار جو پہلے تھا آج نہیں نہ وہ اہتمام نہ وہ انہماک بے شرمی بے حیائی بے غیرتی بے باکی ہر سمت پھیلی ہوئی ہے - کشتی بھنور میں ہے اور نا خدا ملتا نہیں - لیکن خداوندی وعدوں پر یقین رکھنے والا مسلم گھبراتا نہیں - لا تقنطوا من رحمتہ اللہ کی آمید افزا آیت اس کو یاد آجاتی ہے - ایک غیبی آواز سنتا ہے گھبرا نہیں نا خدا موجود ہے - اس کا دامن تھام اس کا وسیلہ حاصل کرنا کہاں ضلع مظفر نگر کا مشہور قصبہ تھانہ بھون - اپنی ململ تابشیں دکھاتا ہوا نظر پڑتا ہے - اور خانقاہ امدادیہ اپنے تمام جلوؤں اور انوار و برکات کے ساتھ نمودار ہوجاتی ہے اور اس میں وہ خاخدا جس کی طرف اشارہ کیا گیا تھا دستگیری کے لئے آمادہ مستعد پایاجاتا ہے - آفتاب کی طرح منورہ چہرے پر رعب و سطوت اور جلالت و جبروت جلوہ فگن آنکھیں حقیقت و معرفت کے انوار سے ضیا بار نظریں مصروف کشش پیشانی جگمگاتی ہوئی - دماغ میں طاعت حق اور خدمت خلق کے خیالات مجتمع دل خدا اور اس کے حبیب کی محبت سے سرشار سینہ میں ہیبت و خشیت الہٰی کا خزینہ رگ رگ میں تجلیات باری کی بجلیاں دوڑتی ہوئی - دست مبارک ہر وقت دعا کے لئے آمادہ تمام جسم پیکر نور بنا ہوا - ستتر اٹہتر سال حیان ظاہری کی منزلیں طے کئے ہوئے ارادوں میں کامیابی کے آثار مقاصد میں تکمیل کی لہر ہمت واستقلال جلو میں قوت و نصرت علمبر دار فضل و رحمت باری سایہ کئے ہوئے امداد الہٰی کی بے پناہ طاقیتں ساتھ ساتھ اس طرح اور اس شان سے اس نا خدائے سفینہ اسلام ملجا و ماواے نام محی سنت حامی شریعت سالک مسالک طریقت و معرفت قامع بدعت و ضلالت مصلح القلوب ولا رواح صاحب الفلاح والافلاح مجدد المنت حیکم الامت مرشد زمانہ شیخ یگانہ مقبول بارگاہ قادر قوی حضرت مولانا حاجی حافظ قاری شاہ محمد اشرف علی صاحب فاروقی حنفی تھانوی ادام اللہ برکاتہم و فیوضہم کا جلوہ زیبا کھایا جاتا ہے