ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
کوئی اثر نہیں ہو سکتا ۔ جب میں چلا جاؤں تب بلائیے ۔ کہا بہت اچھا یہ بھی کرونگا جس وقت آپ روانہ ہو جائیں گے تو میں اسٹیشن سے بلا لاؤں گا ۔ فرمایا میں بچہ نہیں ہوں جس سے آپ بلا لیں ۔اگر بلانے کا لفظ اتنے قریب سے بلانے کو متحمل ہے تو بعید سے بلانے کو بھی متحمل ہے ۔ آپ نے یہ معنی لئے کہ اسٹیشن سے بلا لوں گا ۔ میں یہ معنی لیتا ہوں کہ خدا تعالی کے یہاں سے بلا لائیے گا ۔ کبھی کلکٹر صاحب کی دعوت اس طرح نہ کی ہو گی کہ کلکٹر صاحب کہیں معائنہ کو آئے ہوں اور ان سے فرمائش کی ہو کہ کھانا کھاتے جائیے ۔ فروع میں دلیل عقلی پوچھنے والوں کا الزامی جواب بیان فرمایا کہ ایک نابینا شخص نے مجھ سے ایک فرعی مسئلہ کی وجہ پوچھی (وجہ سے مراد دلیل ہے ۔ ) میں نے کہا آپ بڑے محقق معلوم ہوتے ہیں آپ کو ہر بات کی تحقیق کا شوق ہے ۔ اس مسئلہ فرعی کی تحقیق سے مقدم تحقیق اصول دین ہے وہ آپ غالبا کر چکے ہوں گے ۔ تب تو نوبت فرع کے تحقیق کی آئی ۔اگر یہ بات ہے تو میں اصل الاصول مسائل یعنی توحید کی دلیل پوچھتا ہوں اور اس پر ملاحدہ کے شبہات کروں گا ۔ذرا میرے سامنے تو بیان کیجئے ؛؛؛؛کیا کیا تحقیق آپ نے اس مسئلہ کے متعلق کر لی ہے اور جواب نقلی نہ دینا کیونکہ توحید کے ثبوت کے لئے دلیل عقلی چاہئے کیونکہ اسکے مخاطب غیر مسلمین نقل ہیں کہا یہ تو میں نہیں کرسکتا ۔ میں نے کہا ڈوب مرو کہ اصل الاصول میں تو تقلید کرتے ہو اور فرع میں تحقیق کا شوق ہوا ہے ۔ بہشتی زیور پر معترض کا الزامی جواب فرمایا ایک مرتبہ میں سہارنپور گیا ۔ مدرسہ میں بیٹھا تھا کہ ایک صاحب پرانی فیشن کے بگل میں ایک کتاب دبائے تشریف لارہے ہیں ۔ میں دیکھتے ہی سمجھ گیا کہ بہشتی زیور پر کچھ اعتراض کریں گے اس زمانہ میں اسکا چرچا تھا ۔ آکر بیٹھے السلام علیکم وعلیکم السلام کہنے لگے مجھ کو کچھ عرض کرنا ہے ۔ میں نے کہا ۔ اس فرمائیے ۔ بہشتی زیور کا ایک مسئلہ نکال کر سامنے رکھدیا کہ اس کی وجہ سمجھ میں نہیں آئی ۔ میں نے کہا ۔ اس مسئلہ کے سوا جتنے مسائل ہیں آپ کو سب کی وجہ معلوم ہے یا بعض کی معلوم نہیں ۔ اگر سب کی معلوم ہے تو میں آپ کا امتحان لیتا ہوں ۔ اور اگر بعض کی معلوم نہیں تو اس مسئلہ کو بھی ان ہی بعض کے ساتھ ملا لیا جائے ۔ بس کھوئے گئے اور مبہوت ہو کر رہ گئے ۔ دیر تک سوچتے رہے مگر کچھ جواب نہ تھا ۔ بس کتاب اٹھائی