ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
عارف سے بھی گناہ ہو سکتا ہے ۔ مولوی عثمان نے عرض کیا اس میں بھی احتمال ہے ۔ فرمایا قلوب حق تعالی کے قبضہ میں ہیں ۔ حضرت جنید بغدادی سے پوچھا گیا ۔ ايزني العارف فاطرق راسه مليا ثم رفع راسه وقال وكان امر الله قدر ا مقدورا ۔ اور جب جناب رسول الله ﷺدعا مانگيں ( ترجمه كيا عارف شخص بھی زنا میں مبتلا ہو سکتا ہے تو حضرت جنید بغدادی تھوڑی دیر سر جھکائے بیٹھے رہے پھر سر اٹھایا اور فرمایا خدا ئے تعالی کا حکم پہلے سے مقدار اور طے شدہ ہے ) اللهم ثبت قلبي علي دينك تو دوسرے کا کیا منہ ہے کہ بے خوف ہو جائے ۔ اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے جب اختصاء کی اجازت مانگی تو حضور ﷺ نے فر مایا ، جف القلم بما انت لاق فاختص علي ذلك او ذر کیا خبر ہے کہ کسی کی نسبت کیا لکھا گیا ہے ۔ عذاب قبر پر ایک اشکال کا جواب سوال : جب روحیں سجین میں چلی جاتی ہیں تو عذاب قبر کیا صرف جسم کو ہوتا ہے فرمایا قبر کہتے ہیں عالم برزخ کو سجین بھی قبر ہی میں داخل ہے اس سے بہت سے اشکال رفع ہو گئے ۔ اب نقل خط حضرت والا بسفارش ملاحان وچپراسی جس کا ذکر صفحہ 161 پر آچکا ہے جب کشتی ڈوری گھاٹ کے قریب پہنچی تو حسب وعدہ ایک سفارشی خط حضرت والا نے لکھا اور ملاحوں کو حوالہ کرنے سے پہلے احقر کو دکھلایا ۔ نقل اس کی بجنسہ یہ ہے ۔ "برادرم عزم سلمہ " السلام علیکم ۔ میں منزل مقصود پر پہنچنے کی خبر تو گھاٹ پر اتر کر لکھوں گا ابھی تک دریا پر ہوں اس وقت دو باتیں دو غریبوں کی نسبت لکھتا ہوں وہ لوگ تو میرے لکھنے سے ڈرتے تھے کہ کہیں ہم پر خفگی نہ ہو مگر میں نے اطمینان دلایا کہ خفگی نہ ہوگی گویہ بھی ضروری نہیں کہ تمھاری مرضی کے موافق کام ہوجائے جو مناسب ہوگا وہی کیا جائے گا ۔ مگر میں اطلاعا لکھے دیتا ہوں ایک تو یہ چپراسی چاہتا ہے کہ میری تعیناتی خاص منجھولی میں ہوجائے مصلحتیں طویل بیان کرتا ہے اگر پوچھا جائے گا زبانی کہے گا ۔ دوسرے یہ ملاح زمینداروں وغیرہ کے ظلم وتعدی سے بیگار کے متعلق بہت نالاں ہیں اگر ان دونوں کی فریاد قابل سماعت وممکن الانتظام ہو تو توجہ میں ثواب ہوگا ۔ خط کی نقل ختم ہوئی ،،