ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
|
خیر صاحب انہیں مجتہدین کی محکومیت سے عار ہوگی ۔ ہمیں تو بہت سوں کے حکومت میں رہنا پسند ہے امام ابوحنیفہ ؒ کی بھی حکومت ہے ماں باپ کی بھی حکومت ہے شیخ طریقت کی بھی حکومت ہے ۔ یہ بات نفس کے چاہے خلاف ہو ۔ مگر یہ کتنا بڑا فائدہ ہے کہ ہمارے اتنے مصلح ہیں نفس وشیطان ہمارا کچھ بھی نہیں کرسکتا ۔ بخلاف ان کے ائمہ کی حکومت میں سے تو نکل گئے اور شیطان کی حکومت میں آگئے ۔ ہم جن کے محکوم ہیں وہ سب ہمارے خیر خواہ ہیں ۔ اوریہ جس حکومت میں گئے ہیں وہ عدد مبین ہے اپنی اصلاح کے لئے اپنے اوپر کسی کو بھی اعتماد نہ چاہئے ۔ دیکھو حضرت عمر جیسے مبصر نے اس شخص سے کیا کہا ۔ جس نے کہا تھا کہ اگر تم بگڑو گے تو ہم اس تلوار سے تم کو سیدھا کریں گے ۔ تو فرمایا الحمداللہ میں ایسی قوم میں ہوں جس میں میرے محافظ بہت سے موجود ہیں ۔ بیعت مروجہ میں یہی مصلحت ہے کہ جانبین کو خیال ہوجاتا ہے دونوں کو ایک دوسرے سے اعانت کی امید ہوتی ہے ۔ حکایت ایک دیہاتی آدمی مجھ سے بیعت ہوا ۔ میں نے پوچھا بیعت کی تمہارے نزدیک کیا ضرورت ثابت ہوئی ۔ نماز روزہ تو بلااس کے بھی کیا جاسکتا ہے کہا میں بیعت اس واسطے ہوا ہوں کہ ویسے تو ذرا سستی بھی نماز روزہ میں ہو جاتی ہے بیعت سے ذرا خیال ہوجاتا ہے کیا کام کی بات ہے۔ تقریر ادب الاعلام ختم ہوئی اسی سفر میں اس سے تیسرے دن یعنی بتاریخ 23 صفر 1335 ھ روز بدھ اسی مقام بڑھل گنج میں ایک مختصر سی تقریر ہوئی جس میں تقلید کی بحث ہے وہ بھی یہاں درج کی جاتی ہے ۔ محکمہ تعلیم کی تنخواہ حلال ہے یا نہیں سوال:( یہ تقریر سفر نامہ گورکھپور کے بیضہ میں بھی موجود ہے ۔ (ص 7 /67 )) محکمہ تعلیم کے مصارف محکمہ چنگی سے پورے ہوتے ہیں تومحکمہ تعلیم کی تنخواہ حلال ہے یا نہیں ۔ فرمایا استیلاء کافر موجب ملک ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔امام ابوحنیفہؒ کے نزدیک یہاں بھی مسئلہ امام ابو حنیفہ ؒ کا ہی کام آتا ہے ۔ ایک انگریز نے لکھا ہے کہ سلطنت کسی کے فقہ پر نہیں چل سکتی سوائے فقہء حنفی کے ایک سیاسی شخص کا یہ کہنا ضرور بڑے تجربہ کی خبر دیتا ہے ۔ امام ابوحنیفہ ؒ کی عجیب نظر ہے دیکھئے امام صاحب کا قول ہے کہ آلات لہو کا توڑ ڈالنا واعظ کو یا کسی کو جائز نہیں اگر کوئی توڑڈالے تو ضمان لازم آئے گا ۔