اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
عورتوں کی سفارش قرآن میں مردوں کو غور کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے کس عمدہ پیرایہ میں عورتوں کی سفارش کی ہے، فرماتے ہیں: {وَعَاشِرُوْہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ ج فَاِنْ کَرِہْتُمُوْہُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَکْرَہُوْا شَیْئًا وَّ یَجْعَلَ اﷲُ فِیْہِ خَیْرًا کَثِیْرًا}(النساء:۱۹) اور ان عورتوں کے ساتھ خوبی کے ساتھ گذران کیا کرو اور اگر وہ تم کو ناپسند ہوں تو ممکن ہے کہ تم ایک شے کو ناپسند کرو اور اللہ تعالیٰ اُس کے اندر کوئی بڑی منفعت رکھ دے۔ یہ ہے کتاب اللہ کہ اس کی ایک اسی تعلیم کو دیکھ کر عقلِ سلیم والا کہہ اٹھے گا کہ بے شک قرآن کتاب اللہ ہے ۔فرماتے ہیں: عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو ،اور اگر کسی وجہ سے وہ تم کو ناپسند ہوںتو ممکن ہے کہ تم کوکوئی چیز ناپسند ہو اوراللہ تعالیٰ نے اس میں بہت بھلائیاں رکھ دی ہوں۔ ظاہر ہے کہ ناپسندہو ناکسی وجہ سے ہی ہوگا اور زیادہ تر عورتوں کے ناپسند ہونے کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ان کے اخلاق اچھے نہیں ہوتے، اور یہ بات مرد کے لیے باعثِ اذیت ہے اور اللہ تعالیٰ کا گویا وعدہ ہے کہ عورتوں کی بداخلاقی وغیرہ کو بھی خیرِ کثیر کاسبب بنادیں گے۔عورت کا موجبِ خیرِ کثیر ہونا اللہ تعالیٰ حکیم ہیں ،وہ سب کچھ کرسکتے ہیں۔ مثلاً اس سے اولاد ہی ہوجائے گی جو قیامت میں اس شخص کی دست گیری کرے گی۔ کیوںکہ قیامت میں ایسابھی ہوگا کہ کسی شخص کے گناہ اس قدر ہوں گے جس کی وجہ سے اس کو دوزخ میں ڈال دینے کاحکم ہوگا، مگر اس کا کوئی بچہ صغیرسِن مرگیا ہوگا، وہ کہے گا کہ میں اس وقت تک جنت میں نہیں جاؤں گا جب تک میرا باپ نہ جائے گا۔قیامت میں اولاد والدین کوبخشوائے گی چناںچہ اس کی خاطر سے باپ کو جنت مل جائے گی۔ (حدیث میں اس قسم کی خبریں بکثرت آئی ہیں۔) نیز عورتوں کی زبان درازی کی صورت میں خیرِ کثیرا س طرح بھی ہوسکتی ہے کہ مرد اس کی ایذا رسانی پر صبر کرے اور صبر کی جزا جنت ہی ہے اور جنت کا خیرِ کثیر ہونا ظاہر ہے۔ کیوںکہ دنیا میں جو عورت سے تکلیف پہنچی وہ تھوڑی تھی چند روزہ تھی، اور اس کے عوض جو راحت آخرت میں حاصل ہوگی وہ یقینا زیادہ ہوگی۔ کیوںکہ وہ باقی اور دائمی ہوگی، تو عورتوں کا سببِ خیرِ کثیر