اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جب تم اپنے عمل کو ناقص وحقیر جانتے ہو تو اس کی اصلاح کرو اور اصلاح میں کسی خاص درجہ پر اکتفا نہ کرو، جو جو خرابیاں اس میں ہیں سب کی اصلاح کرو اور پوری طرح سنوار لو کہ صحیح طریقہ یہ ہے، نہ یہ کہ اس کو لاشے محض سمجھو اس کی بے قدری کرو، بلکہ ہر درجہ میں اس کو ایک لحاظ سے خدا کی نعمت سمجھو اور دوسرے لحاظ سے اس کو کسی قابل نہ سمجھو، ہر وقت تکمیل اور اصلاح کی فکر میںلگے رہو، اس سے نہ ناز ہوگا نہ ہمت ٹوٹے گی۔افراط فی التواضع سے مایوسی پیدا ہوتی ہے بہرحال مطلب یہ ہے کہ زیادہ تواضع کرنے سے آدمی مایوس ہوجاتاہے اور رحمت سے ناامیدی ہوجاتی ہے۔ ہم نے ایسے مسلمان دیکھے ہیں جو گناہ میں مبتلا ہوئے۔پھر ان کے دل میں کھٹکا پیدا ہوا، لیکن بتلانے والوں نے ان کو امید نہیں دلائی، بلکہ ڈرا ڈرا کر مایوس کردیا۔ اس کا اثر یہ ہو کہ وہ اور زیادہ گناہ میں مبتلا ہوگئے۔ایک مسلمان سپرنٹنڈنٹ کا قصہ متعلقۂ یاس ایک مسلمان سپرنٹنڈنٹ پولیس تھے۔ ان کی یہ کیفیت تھی کہ کوئی عیب دنیا کا نہیں تھا جو ان میںنہ ہو۔ بہت ہی بڑا ظالم اور بے رحم آدمی تھا۔ جب ان سے کہاجاتا کہ یہ کیاحالت ہے؟ تو کہتے کہ میں دوزخی تو ہوہی چکا، پھر کیوں کسر رکھوں؟ ایسی بہت نظیریں ہیں ۔یہ خرابی ہے مایوسی کی جس سے بعض دفعہ ایمان کے جاتے رہنے کا ڈر ہوجاتاہے۔ اور ایمان نہ بھی جاوے تو آدمی پریشان تو رہے گا، اور بھی کچھ نہیں عمل میں تو کمی کرے ہی گا۔ کمی بھی نہ کرے، تو ناشکری تو ضرور کرے گا۔ چناںچہ بعض دفعہ ایسے لوگ کہہ دیا کرتے ہیں کہ ہمیں کیا دیا حق تعالیٰ نے ؟نہ نماز کی توفیق دی نہ روزہ کی۔ اس ناشکری اور گستاخی کا سبب اس کے سوا کچھ نہیں کہ ان کی طبیعت میں مایوسی جاگزین ہوگئی ہے، اسی لیے وہ کچھ بھی ہمت سے کام نہیں لیتے۔ اور اللہ تعالیٰ کی عادت ہے کہ جب تک بندہ میں طلب وہمت نہ ہو اس وقت تک توفیق نہیں دیتے۔ پس خدا کی شکایت کرنا کہ ہم کو نماز روزہ کی توفیق نہیں دی دراصل اپنی شکایت کرنا ہے۔ ایک ضرر تو مایوسی کا یہ ہے اور دوسرا ضرر یہ ہے کہ جولوگ نماز روزہ کرتے بھی ہیں وہ نہایت بے دلی کے ساتھ کرتے ہیں۔ کیوںکہ یہ خیال جم گیا ہے کہ ہماری نماز کیا ہے، روزہ کیا ہے، یہ سب بے کار باتیں ہیں، اس لیے وہ صرف ایک رسم سی ادا کرلیتے ہیں۔ عورتوں پر یہ اثر زیادہ دیکھا جاتاہے۔ زیادہ عورتیں آپ کو اسی خیال کی ملیں گی، جو یہ سمجھے بیٹھی ہیں کہ ہمیں دین حاصل ہو ہی نہیں سکتا۔