اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ظرافت کی کہانی : میرے بھائی ایک ظرافت کی کہانی سناتے تھے۔ ایک شخص نے کسی صاحبِ عیال سے پوچھا کہ تمہارے گھر خیریت ہے؟ تو بڑا خفا ہوا کہ میاں!خیریت تمہارے یہاں ہوگی۔ مجھے بددعا دیتے ہو۔ ہمارے یہاں خیریت کہاں؟ماشاء اللہ بیٹے ہیں، بیٹیاں ہیں ،پھر ان کی اولاد ہے۔ سارا گھر بچوں سے بھرا ہوا ہے۔ آج کسی کے کان میں درد ہے ،کسی کو دست آتے ہیں، کسی کی آنکھ دُکھ رہی ہے، کوئی کھیل کُود میں چوٹ کھاکر رو رہا ہے۔ خیریت ہوگی اس کے یہاں جو منحوس ہو، جس کے گھر میںکوئی بال بچہ نہ ہو۔ ہمارے یہاں خیریت کیوںہوتی؟اولاد نیک نہ ہو تو از حدپریشانی ہوتی ہے : تو واقعی بچوں کے ساتھ خیریت کہاں؟ بچپن میں ان کے ساتھ اس قسم کے رنج وافکار ہوتے ہیں اور جب وہ سیانے ہوئے تو اگرصالح ہوئے توخیر! اور آج کل اس کی بہت کمی ہے، ورنہ پھر جیسا وہ ناک میںدَم کرتے ہیں معلوم ہے۔ پھر ذرا اور بڑے ہوئے ،جوان ہوگئے تو ان کے نکاح کی فکر ہے۔ بڑی مصیبتوں سے نکاح بھی کردیا تو اب یہ غم ہے کہ اس کے اولاد نہیں ہوتی۔ اللہ اللہ کرکے تعویذ گنڈوں اور دواؤں سے اولاد ہوئی، تو بڑے میاں کی اتنی عمر ہوگئی کہ پوتے بھی جوان ہوگئے۔ اب بچہ بچہ ان کو بات بات میں بے وقوف بناتا اور ان کی خدمت سے اکتاتا ہے اور بیٹے پوتے منہ پر کوری کوری سناتے ہیں اور یہ بے چارے معذور ایک طرف پڑے ہیں۔ یہ اولاد کا پھل ہے، توپھرخواہ مخواہ لوگ اُس کی تمنائیں کرتے ہیں۔