اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ہماری تو یہ حالت ہے کہ ذرا شیخ نے تنبیہ کی اور شکایتیں پیداہونے لگیں۔ لَا حَوْلَ وَلاَقُوَّۃَ یہ کیا لغو بات ہے؟ کیا اتنا بھی تحمل نہیں؟اس کو فرماتے ہیں : تو بیک زخمے گریزانی زعشق توبجز نامے چہ میدانی زعشق جب تم ایک ہی زخم سے بھاگتے ہو تو تم بجز عشق کے نام کے کچھ نہیں جانتے۔مشا یخ کی تربیت اوراصلاح بالکل ایسی ہے جیسے آپریشن ہو : اے صاحبو! ہر طالب کو مشایخ کی طرف سے تنبیہات ہوتی ہیں اور نفس کی مخالفت کرائی جاتی ہے۔ مشایخ کی تربیت اور اصلاح بالکل ایسی ہے جیسے آپریشن۔آپریشن میں پہلے چیرتے پھاڑتے ہیں پھر اس کی درستی کرتے ہیں۔ اسی طرح یہاں بھی پہلے نفس کی تھوڑی سی مخالفت کراتے ہیں ،پھر نرمی اور توسع کرتے ہیں۔ تعجب ہے کہ آپریشن سے کوئی برا نہیں مانتا اور یہاں لوگ ذرا ذرا سی بات پر بگڑتے ہیں۔ آپریشن کرنے والے کو تو فیس بھی دیتے ہیں، اس کی شکر گذاری بھی کرتے ہیں۔ یہاں شکر گزاری نہ کرو تو برا بھی مت کہو۔ بس تھوڑ ے دنوں نفس کی مخالفت ضرور کرنا پڑے گی۔ بعضوں کو تنبیہ سے عزت کم ہوجانے کا خیال ہوتا ہے۔ سو صاحبو! ہماری عزت ہی کیا ہے جس کے جانے کا خیال ہو؟{فَإِنَّ الْعِزَّۃَ لِلّٰہِ جَمِیْعاً} عزت تو صفت حقیقیہ اللہ ہی کی ہے اور یہ مشقت چند روزہے، پھر اس کے بعد وہ راحت ہوگی کہ دنیا کے اسباب میں کبھی خواب میں بھی نہ دیکھی ہوگی۔ لوگ یوں سمجھتے ہیں کہ ہم بڑے آرام میں ہیں، مگر واقعی یہ ہے کہ یہ حُبِّ مال اور حُبِّ جاہ والے بڑی بلاؤں میں مبتلا ہیں۔اہل اللہ کی صحبت میں رہنے سے کیا ہوتا ہے : اگر اہل اللہ کی صحبت میں رہ گئے اور ان کے کہنے پر عمل کر لیا، اس وقت محبوبِ حقیقی کے ساتھ وہ تعلق ہوجائے گاکہ دوسرے پر نظر ہی نہ رہے گی اور یہ حال ہوجاوے گا: یکے خوان ویکے وان ویکے گو ایک ہی کو پڑھ ،ایک ہی کو جان اور ایک ہی کہہ۔ یعنی اسی کا خیال رہ جاوے گا۔ پھر ایسے شخص کو کسی چیز سے بھی پریشانی نہیں ہوگی اور حقیقی راحت اس وقت دیکھوگے۔ بس یہ ثمرہ ہوگا جو طریقہ سے کام کروگے۔