اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
الدین1 (دین میںپختہ) ہیں ان کی صحبت حاصل کرو ،کیوںکہ کاملین کی صحبت سے اعمال میں سہولت بھی ہوتی ہے، اس طرح سے کہ ان کی برکت سے تقاضائے نفس مضمحل ہوجاتاہے، جوکہ اکثر اعمال میں مزاحم ہوتاہے۔ نیز ان کی صحبت سے طریقِ عمل بھی معلوم ہوجاتاہے کہ کس عمل کو کس طرح ادا کرنا چاہیے۔ یہ بات محض مسائل جاننے سے حاصل نہیں ہوتی جب تک کسی کو عمل کرتے ہوئے نہ دیکھا جاوے، اور یہ بات کچھ دین ہی کے ساتھ مخصوص نہیں،بلکہ دنیوی کاموںمیں بھی طریقِ عمل معلوم کرنے کے لیے اہلِ کمال کی صحبت ضروری ہے۔ اگر کوئی شخص یوں چاہے کہ محض کتاب دیکھ کر قسم قسم کے کھانے پکانے سیکھ لے تو ایسا نہیں ہوسکتا، جب تک وہ کسی ماہرِ فن سے ہر کھانے کی ترکیبِ عمل نہ سیکھے گا اس وقت تک کبھی اس کو کھانا پکانے کا طریقہ معلوم نہ ہوگا۔ اور اگر کسی نے کتاب دیکھ کر عمل شروع بھی کردیا تو اس کو قدم قدم پر دشواریاں پیش آئیں گی۔ چناںچہ جب چاہے اس کا تجربہ کرلیا جائے۔ اور یہی حال ہر عمل کا ہے کہ محض ترکیب جان لینے سے کسی عمل میں کمال حاصل نہیں ہوسکتا ،بلکہ استاد سے سیکھنے کی ضرورت ہوا کرتی ہے۔پس دین میں بھی کمال حاصل کرنا صحبتِ کاملین پر موقوف ہے۔ عادۃُ اللہ اسی طرح جاری ہے ۔ پس میں نے اسی آیت کو عورتوں میں اس لیے پڑھا ہے تاکہ دوشبہے مرتفع ہو جائیں۔عورتوں کے دوشبہے : ایک آرام طلب عورتوںکا شبہ کہ وہ یوں نہ سمجھیں کہ یہ حکم مردوں ہی کے لیے مخصوص ہے ،کیوںکہ وہی اس کے مخاطب ہیں اورہم اس سے بچے ہوئے ہیں۔ چناںچہ اکثر عورتوں کا یہ خیال ہے کہ بس خدا نے ہم کو تو کھانا پکانے اور سینے پرونے ہی کے لیے پیدا کیا ہے۔ دوسرے خدا طلب عورتوںکا شبہ کہ وہ اپنے دل میں یوں نہ کہیں کہ بس خدا تعالیٰ کو مردوں ہی پر عنایت ہے ہم کو منہ بھی نہ لگایا۔ ان دونوں شبہوںکا جواب میں نے دے دیا ہے کہ مردوں کو خطاب کرنا اس وجہ سے نہیں کہ عورتیں ان احکام سے مستثنیٰ ہیں اور نہ اس واسطے ہے کہ حق تعالیٰ کو عورتوں پرعنایت نہیں بلکہ خصوصیتِ خطاب کا منشاکچھ اور ہے جس کو میں مفصلا بیان کرچکاہوں۔ پس عورتوں کو جان لینا چاہیے کہ ان کو بھی حق تعالیٰ کاحکم یہ ہے کہ اپنادین کامل کرو، ہر چند کہ مقصود اتنے ہی بیان سے پورا ہوگیا، کیوںکہ آیت کا مطلب ظاہر ہے کہ اس میںدین کے کامل کرنے کاحکم ہے۔ اب ہر شخص دیکھ لے کہ دین کیا ہے اور اس کے کیا کیا اجزاہیں، اس کے بعد سب کاموں کو طریقۂ شرعیہ کے موافق بجالانا شروع کردے۔ پس دین کامل