اصلاح النساء - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ العاقلات الغافلات خطبۂ مسنونہ : الحمد للّٰہ نحمدہٗ ونستعینہٗ ونستغفرہٗ ونؤمن بہ ونتوکل علیہ۔ونعوذ باللّٰہ من شرور أنفسنا ومن سیئات أعمالنا۔من یھدہ اللّٰہ فلا مضل لہ، ومن یضللہ فلا ہادی لہ۔ ونشھد أن لا إلٰہ إلا اللّٰہ وحدہٗ لا شریک لہ۔ ونشھد أنّ سیدنا ومولانا محمدا عبدہٗ ورسولہٗ، صلی اللّٰہ علیہ وعلیٰ آلہ وأصحابہ وبارک وسلم۔ أما بعد، فأعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم۔ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔{اِنَّ الَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ الْغٰفِلٰتِ الْمُؤْمِنٰتِ لُعِنُوْا فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ وَلَہُمْ عَذَابٌ عَظِیْمٌ}(النور:۲۳)۔ ’’جو لوگ تہمت لگاتے ہیں ان عورتوں کو جو پاک دامن ہیں، ایسی باتوں کی جن سے وہ بے خبر ہیں ایمان والیاں ہیں، ان پر دنیا اور آخرت میں لعنت کی جاتی ہے اور ان کو بڑا عذاب ہوگا۔‘‘مستورات کی خدمت میں درخواست : قبل اس کے کہ میں اس آیت کے متعلق کچھ عرض کروں، مستورات کی خدمت میں یہ التماس ہے کہ زیادہ تر یہ وعظ آپ ہی لوگوں کی ضرورت سے کیا گیا ہے خصوصیت کے ساتھ، اس لیے اہتمام کے ساتھ متوجہ ہوکر سنیں،کیوںکہ آپ کو بہت کم موقع ملتاہے ایسے مضامین سننے کا، بوجہ اس کے کہ مستورات میں لکھی پڑھی بہت کم ہوتی ہیں۔ کیوںکہ ان کو وقت نہیں ملتا اپنی ضرورتوں کی وجہ سے، خواہ واقعی ضرورتوں میں مشغول ہوں یا خیالی ضرورتوں میں۔ بہر حال طرز ایسا ہی واقع ہورہا ہے جس میں کسی قدر کسل کوبھی دخل ہے اور دوسرے اسباب بھی ایسے مجتمع ہیں کہ ان کو بہت ہی کم وقت ملتا ہے مضامین سننے کا، ایسے میں اگر کبھی موقع مل جائے تو اس کو غنیمت سمجھنا چاہیے۔